آج امت مسلمہ اور پوری انسانیت کو محبت، احترام اور برداشت کے کلچر کی ضرورت ہے : علامہ صدیق بٹ

زندگیوں کو آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیغام رحمت سے آراستہ کریں تاکہ امت مسلمہ کی کھوئی ہوئی عظمت لوٹ آئے

منہاج القرآن علماء کونسل اسلام آباد کے آرگنائزر علامہ صدیق بٹ نے کہا ہے کہ قیام امن کیلئے اس وقت دنیا میں سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بڑھ کر اور کوئی دستور نہیں لہذا آج کے دور پرفتن میں پوری دنیا اور بالخصوص 56 اسلامی ریاستوں کے حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنے لئے آئیڈیل قرار دیں۔ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ظاہری حیات میں انکی صحبت میں بیٹھنے والا غیر مسلم بھی رحمت سے محروم نہیں رہا تھا۔ آج آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق محبت کی مضبوطی اور ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر زندگی کے ہر شعبے کیلئے رحمت و برکت حاصل کرنا ہو گی تاکہ پوری دنیا امن و سلامتی کا گہوارہ بن سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان المبارک میں دروس عرفان القرآن کے سلسلے میں منہاج مدینہ ہال کراچی کمپنی میں ’’انسانی عظمت کا راز‘‘ کے عنوان سے ہونے والے درس قرآن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر درس قرآن میں سینکڑوں مرد و خواتین شریک تھے۔

انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمت کے فیض کے باعث کائنات کا وجود قائم ہے۔ تحریک منہاج القرآن آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمت حاصل کرنے کا شعور بیدار کر رہی ہے۔ آج امت مسلمہ اور پوری انسانیت کو محبت، رحمت اور احترام کی ضرورت ہے۔ یہ مثبت رویے عام ہونگے تو دائمی امن و سلامتی حاصل ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات میں فنا ہو جاتا ہے وہ پیکر رحمت بن جاتا ہے اور اس کے گرد دن رات لوگوں کا ہجوم نظر آتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے اپنی زندگیوں کو آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیغام رحمت سے آراستہ کریںتاکہ امت مسلمہ کی کھوئی ہوئی عظمت لوٹ آئے اور پوری دنیا امن کا گہوارہ بن جائے۔اسی میں عظمت انسانی کا راز مضمر ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top