لوڈ شیڈنگ، ہوشرباء مہنگائی پر اگلے دو روز میں قابو نہ پایا گیا تو پاکستان عوامی تحریک ملک گیر احتجاجی مظاہرے کرے گی۔ رحیق احمد عباسی

رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ سے عوام کو شدید مشکلات درپیش ہیں
رمضان میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کی بجائے ہوشرباء اضافہ عذاب سے کم نہیں۔ ڈاکٹر رحیق عباسی

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے رمضان المبارک میں سحری اور افطاری کے اوقات میں طویل لوڈ شیڈنگ اور بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کو حکومت کے غریب کش اقدامات قرار دیا ہے۔ حکومتی دعوؤں کے باوجود بجلی کی عدم دستیابی کے باعث عوام کو سحری و افطاری اور تراویح میں شدید مشکلات درپیش ہیں جس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار منصور خان سے ٹیلی فون پر گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک رحمتیں سمیٹنے کا مہینہ ہے۔ عبادات کی کثرت اس ماہ مقدس میں مسلمانوں کیلئے نجات و بخشش کا ذریعہ ہیں مگر بجلی کا غائب ہونا حکمرانوں کی طرف سے عوام کو اذیت سے دوچار کرنے کے مترادف ہے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کی بجائے ہوشرباء مہنگائی اور قیمتوں میں اضافہ عذاب سے کم نہیں جس کا ذمہ دار مقتدر طبقہ ہے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ ایثار و قربانی اور خود احتسابی کا تقاضا کرتا ہے۔ ضرورت رمضان المبارک کی حقیقی روح پر عمل کرنے کی ہے، اگر ہم رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں اپنے حقوق و فرائض ادا کرنے کا پختہ عہد کر لیں تو آنے والے مہینے ہمارے لئے خوشیوں کا پیغام لا سکتے ہیں۔ حکومت حسب وعدہ سحری و افطاری اور دیگر نمازوں کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ بند کرے اگر وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے اگلے دو روز میں لوڈ شیڈنگ، ذخیرہ اندوزی اور ہوشرباء مہنگائی پر قابو پانے کیلئے فوری اور سنجیدہ اقدامات نہ کیے اور عوام کو ریلیف نہ دیا تو پاکستان عوامی تحریک ان عوام دشمن اقدامات کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج عام آدمی یہ کہنے پر مجبور ہو چکا ہے کہ کاش عوام دشمن اقدامات اٹھانے والی موجودہ حکومت ہم پر مسلط نہ ہوتی اگر یہ عذاب ہمارے مقدر میں لکھا ہی تھا تو عوام دشمن بجٹ کے فوراً بعد رمضان المبارک نہ آتا۔ غریب آدمی مہنگائی کی چکی کے دونوں پاٹوں میں پس کر رہ گیا ہے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ اگر عوام سیاسی مافیا اور دوسرے مافیا کے خلاف حقیقی تبدیلی کیلئے پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ متحد ہو جاتے تو ہر بجٹ اور ہرر مضان ہمارے لئے اللہ کا انعام ثابت ہوتا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top