باطن کو تقوی، طہارت، توحید الٰہی اور محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اجالا کرنے کیلئے رمضان سے بڑھ کر کوئی مہینہ نہیں۔ محمد صادق قریشی

حب الہیٰ، عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور رجوع الی القرآن کو اپنی زندگیوں میں واپس لانا ہو گا۔ علامہ محمد صادق قریشی

تحریک منہاج القرآن کے نائب امیر علامہ صادق قریشی نے کہا کہ خود کش حملوں کا تسلسل، بم دھماکے، لوڈ شیڈنگ، ذخیرہ اندوزی اور ہوشرباء مہنگائی اللہ کی ناراضگی کی نشانیاں ہیں۔ قوم رمضان المبارک کے مقدس اور بابرکت مہینے میں اجتماعی توبہ کرے۔ انفرادی اور اجتماعی سطح پر ہم اللہ کو بھلا چکے ہیں اسی لئے کرپٹ، نااہل اور مفاد پرست حکمران ہم پر مسلط ہیں۔ اللہ اس وقت تک قوموں کی حالت نہیں بدلتا جب تک وہ اپنی حالت خود بدلنے کی کوشش کا آغاز نہیں کرتیں۔ ہم غیروں کے دیے گئے قوانین میں واضح تبدیلیاں نہیں کر سکے جو ہماری غلامانہ سوچ کا عکاس ہے۔

وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا معاشرہ معاشی بدحالی کی خطرناک تصویر پیش کر رہا ہے، امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہو رہا ہے۔ درمیانہ طبقہ ختم ہو گیا ہے۔ہ ماری دعائیں اس لئے قبولیت کے درجے تک نہیں پہنچتیں کہ ہم نے اللہ کو بھلا دیا ہے۔ بدقسمتی ہے ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے محبت اور انکی تعلیمات پر عمل کرنے میں تساہل برتتے ہیں۔ قرآن حکیم سے اپنا تعلق توڑ لیا ہے۔ حب الہیٰ، عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور رجوع الی القرآن کو اپنی زندگیوں میں واپس لانا ہو گا اسی سے اللہ کی ناراضگی ختم ہو گی اور ہمیں مشکلات سے نجات ملے گی۔

علامہ صادق قریشی نے کہا کہ محبت اور ادب ایمان کی متاع ہے آج داخلی اور خارجی قیام امن کیلئے محنت کی ضرورت ہے۔ من کی دنیا کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت سے سیراب کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نفسانی خواہشات کو ختم کر کے باطن کو تقوی، طہارت، توحید الٰہی اور محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اجالا کرنے کیلئے رمضان سے بڑھ کر کوئی مہینہ نہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top