لودھراں: 5 روزہ دروس عرفان القرآن کی دوسری نشست

تحریک منہاج القرآن لودھراں کے زیراہتمام پانچ روزہ درس عرفان القرآن کی دوسری نشست میونسپل اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ جہاں نماز فجر کے بعد ہزاروں مردو خواتین پروگرام میں شریک تھے۔ سرپرست تحریک منہاج القرآن لودہراں پیر سید فضل حسین شاہ نے دوسری نشست کی صدارت کی۔

پروگرام کا آغاز قاری فیصل لطیف نے تلاوت قرآن مجید سے کیا۔ جبکہ ملک اسلم حماد قاری قیوم غوری، نعمان مصطفوی، کاشف بشیر قادری، رومان رشید، حافظ فرحان قادری اور منہاج نعت کونسل نے نذرانہ درود و سلام پیش کرکے ماحول کو روحانی بنا دیا۔

اس پروگرام میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے شاگرد رشید صاحبزادہ علامہ ظہیر احمد نقشبندی نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اپنی فطرت میں جنگ و جدال، فتنہ گری، مار دھاڑ، تاخت و تاراج اور دہشت گردی کا دین نہیں۔ یہ دین روا داری الفت و محبت اور امن کا دین ہے۔ شیطانی قوتیں اسلام کے غزوات کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا کر رہی ہیں حقیقت میں دین اسلام سے بڑھ کر امن و آشتی کا حکم دنیا کا کوئی مذہب نہیں دیتا۔ مومن کا معنی ہی امن دینے والا اور مسلم کا معنی ہی سلامتی دینے والا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ غزوہ بدر کفار مکہ کی مدینہ کی پر امن بستی پر جارحیت کے مقابلے میں دفاعی انداز میں لڑا گیا جس میں مسلمان انتہائی نامساعد حالات سے دوچار تھے جبکہ کفار مکہ جنگی سازو سامان سے لیس باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت مسلمانوں کے خلاف صف آرا ہوئے۔ مسلمانوں کا بانی اسلام کے ساتھ والہانہ لگاؤ اور عزم مصمم دیکھ کر اللہ رب العزت کی مدد اتری اور کفار مکہ کے بڑے بڑے سردار واصل جہنم ہوئے۔ آج بھی اگر مسلمانان پاکستان اپنے ارادوں میں اخلاص اور پختگی لے آئیں تو وطن عزیز میں تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے انہوں نے کہا کہ اسلام تلوار سے نہیں بلکہ کردار سے پھیلا۔

راؤ اسحاق خان، الحاج قدیر احمد شجرا، حافظ شیر محمد آرائیں، پیر سید شفیق شاہ بخاری، پیر سید لال شاہ، حاجی ملک غلام نازک آرائیں، ملک سلطان آرائیں، حاجی اشرف سعیدی، حاجی ظہور احمد بھٹی، سلیم جمال غوری، چوہدری عبدالغفار سنبل، میاں محمد جاوید، علامہ حامد سعیدی، قاری محمد اصغر، علامہ محمد نواز قادری، علامہ ادریس نقشبندی، علامہ اسماعیل مہر آبادی، علامہ سعید احمد جامی، علامہ طالب حسین قمری، الحاج ملک شیر محمد گھلو، ملک فیض بخش آرائیں، ملک خادم حسین آرائیں، علامہ نصیر احمد بابر، حافظ اکرم کانجو، قاضی نذیر احمد ملک یوسف چنڑ، تقی شمیم، حاجی قاسم ہوٹل والا، مہر محمد رمضان، ظفر آفتاب بھٹی، ملک عمران ریحان، حاجی خالد ڈانور، ملک احمد بخش، مہر فدا حسین، ماسٹر جان محمد، حاجی مرزا غلام فرید نے اس درس قرآن میں خصوصی شرکت کی۔

اس سے پہلے معروف کاروباری و سماجی رہنما ملک احمد بخش پولٹری فارمر نے بھی پروگرام میں اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ماہ رمضان میں قرآن کی بہترین خدمت کر رہی ہے ہزاروں مردو و خواتین کا صبح صبح درس قرآن سننے کے لئے اسٹیڈیم کا رخ کر رہے ہیں۔ اس دور پر فتن میں لوگوں کا منہاج القرآن کے دروس عرفان القرآن میں آنا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی پر اخلاص دعوت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک منہاج القرآن کی ان پر خلوص خدمات کی بدولت وطن عزیز میں جلد نوجوان نسل میں اسلامی ماحول بپا کر دے گی۔

درس عرفان القرآن کی دوسری نشست میں راقم الحروف رانا محمد ظاہر القادری نے نقابت کے فرائض سرانجام دئیے۔ آخر میں وطن عزیز کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا ہوئی۔ لودھراں میں درس قرآن کی تیسری نشست میں علامہ حافظ نسیم نقشبندی تزکیہ نفس اور رمضان کے موضوع پر خطاب کریں گے۔

رپورٹ: مرزا اسلم مصطفوی (میڈیا ایڈوائزر تحریک منہاج القرآن لودہراں)

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top