آج کا نوجوان مغرب کی پیروی کر کے بے سکونی کی زندگی بسر کر رہا ہے۔ قاسم مرزا

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی رہنما قاسم مرزا نے کہا کہ آج کا نوجوان مغرب کی پیروی کر کے بے سکونی کی زندگی بسر کر رہا ہے۔ مسجدیں محاذ جنگ بنا دی گئی ہیں، دین کا وقار لٹ گیا ہے اور مغرب کی اندھی تقلید انتہا کو پہنچ گئی ہے۔ ایسا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق غلامی کے ٹوٹنے اور کمزور ہونے کے سبب ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف کالجز کے طلباء کے اعزازمیں دی گئی افطار پارٹی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سعید نیازی، نعمان کریم، طلحہ بٹ، ندیم حسین، محسن اقبال اور دیگر طلبا بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوان جن کی پیروی کر رہا ہے ان کے انسانی حقوق کے فلسفے میں مسلمان انسان ہی نہیں ہیں۔ آج امن قائم کرنے کے نام پر بدترین دہشت گردی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معلم انسانیت آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق قائم کرنے کا بہترین ذریعہ ان پر درود و سلام بھیجنا ہے۔ درود شریف کی اثر انگیزی یہ ہے کہ یہ فتنہ و فساد کا خاتمہ کر کے امن و سلامتی عطا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج نوجوان حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اخلاق، معاملات اور حسن سلوک کو اپنے لئے مشعل راہ بنائیں تو اپنی زندگیاں اور آخرت سنوار سکتے ہیں۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری انسانیت کیلئے رحمت ہیں انکے دیئے ہوئے اصولوں پر عمل کر کے ہی انسانیت امان حاصل کر سکتی ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نوجوان نسل کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق مضبوط کرنے کیلئے متوجہ کر رہے ہیں تاکہ مسلمانوں کی زندگیوں کا سکون اور خوشیاں لوٹ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان تحریک منہاج القرآن کے 10 روزہ مسنون اعتکاف کا حصہ بن کر روحانی اور دینی تربیت حاصل کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top