تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام لاہور میں شہر اعتکاف آباد ہو گیا

ڈاکٹر طاہر القادری روزانہ بعد از نماز تراویح درس قرآن و تصوف دیں گے

ہزاروں مرد و خواتین جامع المنہاج ٹاؤن شپ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کے ہمراہ معتکف ہو گئے اس طرح حرمین شریفین کے بعد اسلامی دنیا کا سب سے بڑا 23واں شہر اعتکاف لاہور میں تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام آباد ہو گیا۔ سندھ، بلوچستان، شمالی علاقہ جات اور جنوبی پنجاب سے معتکفین کی آمد کا سلسلہ ایک روز پہلے سے شروع ہو گیا تھا۔ 20 رمضان کو بعد از نماز ظہر تا مغرب معتکفین کا تانتا بندھا رہا۔ ایڈوانس رجسٹریشن کرنے والے ہزاروں معتکف اپنے اپنے حلقوں میں با آسانی پہنچ گئے جبکہ دیگر معتکفین بھی رجسٹریشن اور سیکیورٹی کے مراحل سے گزرنے کے بعد شہر اعتکاف کے مکین بن گئے۔ خواتین کیلئے الگ جگہ پر اعتکاف گاہ بنائی گئی ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری روزانہ بعد از نماز تراویح درس قرآن و تصوف دیں گے۔ ان کے خطابات ویمن اعتکاف گاہ میں بڑی LED سکرینز کے ذریعے براہ راست سنیں جائیں گے جبکہ انکے خطابات www.minhaj.tv کے ذریعے پوری دنیا میں براہ راست سنے جائیں گے۔

شہر اعتکاف میں سحری و افطاری کیلئے پکوائی کے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ لوڈشیڈنگ کے دوران بڑے جنریٹرزکے ذریعے بجلی کی سپلائی کو بحال رکھا جائے گا۔ طہارت اور وضو کیلئے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے گئے ہیں، طبی سہولتوں کیلئے ڈاکٹرز کی مختلف ٹیمیں ہر وقت موجود ہونگی۔ 1122کی سروس کے علاوہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی 11 ایمبولینسز بھی ایمرجنسی کیلئے موجود ہیں۔ معتکفین کیلئے پانی کا وسیع انتظام بھی کیا گیا ہے۔ گرمی اور حبس سے بچاؤ کیلئے سینکڑوں پنکھے اور دیو ہیکل سائز کے 60پنکھے بھی اعتکاف گاہ میں لگائے گئے ہیں۔ شہر اعتکاف میں مرکزی کنٹرول روم بنایا گیا ہے جہاں 100انتظامی کمیٹیوں کے مابین کوارڈنیشن کا مربوط نظام موجود ہے۔ پولیس کی بھاری نفری کے علاوہ 2000رضا کار نوجوان 10دن کیلئے سیکورٹی کی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top