عمران خان کا ڈاکٹر طاہر القادری بارے بیان کو دہرانا موجودہ نظام کے خلاف اچھی پیش رفت ہے۔ رحیق احمد عباسی

ڈاکٹر طاہر القادری بہت پہلے آگاہ کیاکہ موجودہ نظام ملک و قوم کا سب سے بڑا دشمن ہے
تبدیلی کیلئے جو حکمت عملی ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنائی تھی وہی قوم کو منزل تک لے کر جائے گی

تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کا ایک مرتبہ پھر اس بیان کو دہرانا کہ ’’ڈاکٹر طاہر القادری درست کہتے تھے موجودہ انتخابی نظام کے ہوتے کوئی تبدیلی نہیں آ سکتی‘‘ موجودہ نظام کے خلاف ایک اچھی پیش رفت اور خوش آئیند امرہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے قوم اور تبدیلی کی خواہشمند قیادتوں کو بہت پہلے آگاہ کر دیا تھا کہ موجودہ نظام ملک و قوم کا سب سے بڑا دشمن ہے اور اس کے ذریعے کبھی تبدیلی نہیں آ سکتی۔ تحریک انصاف کی قیادت کو اگر الیکشن سے قبل اس بات کا ادراک ہو جاتاتو آج حالات بہت زیادہ مثبت ہوتے اور تبدیلی مخالف قوتیں شکست سے دوچار ہوتیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ اب بھی ضرورت اس امر کی ہے کہ تبدیلی کی قوتیں نظام انتخاب کے خلاف متحد ہو کر سیاسی جدوجہد کریں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے تبدیلی کیلئے جو حکمت عملی اپنائی تھی وہی قوم کو منزل تک لے کر جائے گی۔ پاکستان کو اس وقت ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو تبدیلی کے عزم کے ساتھ مسائل کا ادراک اور انہیں حل کرنے کی بھی بھر پور صلاحیت رکھتی ہو۔ ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں بھی ایسے نظام کی ضرورت ہے جو اختیارات کی نچلی سطح تک حقیقی تقسیم کیلئے معاون ہو۔ یونین کونسلوں میں عوام کے حقیقی نمائیندوں کو لانے کیلئے ضروری ہے تاکہ سیاسی قوتیں ایسے نظام پر متفق ہوں جو نچلی سطح تک جمہوری عمل کو یقینی بنائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top