حکومت کی 97 فیصد عوام سے لقمہ چھیننے کی پالیسیاں جاری ہیں۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی
پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی روش جاری رکھ کر حکومت نے عوام دشمن پالیسیوں پر مہر تصدیق ثبت کر دی
پاکستان عوامی تحریک لاہور کے عہدیداران سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات میں گفتگو
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کے چار سالہ دور اقتدار میں 97فی صد عوام سے لقمہ چھیننے کی پالیسیاں جاری ہیں اور غریب سے جینے کا حق بھی چھین لیا گیا ہے۔ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی روش جاری ہے اور ہر مہینے اضافے اور چند پیسوں کی کمی کرنے کا ڈرامہ رچایا جاتا ہے جسے عوام مسترد کرتے ہیں۔ حکومت فوری طور پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ واپس لے اور بجائے اضافے کے قیمتوں میں کمی کا اعلان کرے۔ وہ پاکستان عوامی تحریک لاہور کے عہدیداران سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر صدر پاکستان عوامی تحریک لاہور چوہدری افضل گجر، ساجد محمود بھٹی، عاقل ملک اورحافظ غلام فرید بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ روٹی، کپڑا، مکان اور روزگار کا منشور دے کر غریبوں کے نام اقتدار حاصل کرنے والی جماعت کے دور میں غریبوں کا ہی استحصال ہو رہا ہے۔ پٹرولیم کی مصنوعات میں اضافے کی روش جاری رکھ کر حکومت نے عوام دشمنی کی پالیسیوں پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس عوام کو ریلیف دینے کا کوئی پروگرام نہیں ہے جو مایوس کن امر ہے۔ محرومی اور مایوسی سے نجات کیلئے عوام کو اس فرسودہ نظام کے خلاف میدان عمل میں نکلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کش پالیسیوں کا تسلسل مقتدر طبقے کی غلامانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔
تبصرہ