معاشرے کا سکون اس لئے اجڑ گیا کہ غالب ترین اکثریت کے دلوں پر نفس کا قبضہ ہو چکا۔ نوشابہ ضیاء

مورخہ: 03 اگست 2013ء

نظر آنے والے گناہوں کا علاج نظر آنے والے نیک اعمال سے کیا جاتا ہے
رات کی تاریکی میں مصلے سے دوستی لگا کر اللہ سے معافی مانگنا برے اعمال سے چھٹکارے کی واحد سبیل ہے
بُرے خیالات کی گرفت نہ کیجائے تو بری فطرت تک لے جاتے ہیں

دل کے گھر کو محبت الہٰی اور محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے معمور کرنے کی جدوجہد ہر مسلمان کی اولین ترجیح ہونا چاہیے۔ محبت کے راستے پر چلنے کی ابتدا توبہ سے ہوتی ہے۔ سابقہ گناہوں کا اعتراف کر کے گریہ و زاری اور ندامت و شرمندگی سے اللہ سے معافی مانگنا اور گناہوں سے ہمیشہ کیلئے برات کرنا توبہ ہے۔ اللہ کے حضور عام مسلمان کا اعتراف گناہ کرنا توبہ کہلاتا ہے، جبکہ اولیاء کرام اور عرفاء کی توبہ "انابہ" کہلاتی ہے اور انبیاء کرام کی توبہ کو "اوبہ" کہتے ہیں۔ نظر آنے والے گناہوں کا علاج نظر آنے والے نیک اعمال سے کیا جاتا ہے۔ رات کی تاریکی میں مصلے سے دوستی لگا کر اللہ سے معافی مانگنا اور گریہ و زاری کرنا ہی برے اعمال سے چھٹکارے کی واحد سبیل ہے۔ ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن ویمن لیگ کی ناظمہ نوشابہ ضیاء نے شہر اعتکاف میں ہزاروں خواتین کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رابعہ عروج، ملکہ صباء، صدف اقبال اور ساجدہ صادق بھی موجود تھیں۔

انہوں نے کہا کہ اولیاء کرام کی توبہ اللہ کی خوشنودی اور رضا کے حصول کیلئے اور انبیاء کا یہ عمل صرف اللہ کے حکم کی بجا آوری کیلئے ہوتا ہے۔ جبکہ عام مسلمان توبہ گناہوں سے نجات کیلئے کرتے ہیں۔ ہر شخص کو چاہیے کہ ہمہ وقت اپنا محاسبہ جاری رکھے اور برے خیالات کے آنے کو معمولی نہ سمجھے۔ اس پر محاسبہ کرے کہ بُرا خیال کیوں آیا؟ اگر اس پر تشویش نہیں ہو گی تو خیال تصور میں بدلے گا، تصور عمل کا روپ دھارے گا، برے اعمال سے توبہ نہ کی تو وہ عادت بن جائیں گے اور بری عادات انسان کی فطرت بن جائیں گی۔ بُرے خیالات کی گرفت نہ کیجائے تو بری فطرت تک لے جاتے ہیں۔ نوشابہ ضیاء نے کہا کہ انسان کا دل تخت کی مانند ہے۔ نفس اور روح اس پر قبضہ کرنے کیلئے برسر پیکار رہتے ہیں اگر دل پر نفس کا قبضہ ہو جائے تو اعمال نفس کے تابع ہو جائیں گے اور گناہ سرزد ہوں گے اور اگر دل پرروح کا قبضہ ہو جائے تو نیک اعمال بلا ارادہ ہوجائیں گے اور معاشرے کیلئے وہ بندہ سلامتی اور خیر کا باعث بن جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے کا سکون اس لئے اجڑ گیا کہ غالب ترین اکثریت کے دلوں پر نفس کا قبضہ ہو چکا اور المیہ یہ ہے کہ اس قبضے سے نجات کا شعور بھی اٹھ گیا ہے۔ توبہ ہی وہ واحد راستہ ہے جو قلب بیما رکو صحت یاب کر سکتا ہے۔ دل سے نفس کا قبضہ چھڑانے کیلئے روح کو طاقتور کرنا ہو گا اور یہ توبہ اور ریاضت و مجاہدہ کے بغیر ممکن نہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top