ڈاکٹر طاہرالقادری نے قوم کو آگاہ کیا تھا کہ اس نظام انتخاب میں ووٹ دینا کرپشن، دہشت گردی اور ظلم کی مدد کرنا ہے۔ سردار منصور خان

مورخہ: 04 اگست 2013ء

کرپٹ نظام انتخاب کے خاتمے تلک عوامی تحریک کی جنگ جاری رہے گی
ملک کی حالت اور کبھی اس قوم کی حالت ایسی ہے یوں لگتا ہے یہ ملک ICU میں پڑا ہوا ہے
جمہوریت کے نام پر اس ملک کے عوام کے ساتھ دھوکہ اور فراڈ ہو رہاہے
سردارمنصورخان کا پاکستان عوامی تحریک کے ورکر کنونشن سے خطاب

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار منصور خان نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے لاکھوں کارکن اور تبدیلی کی خواہش رکھنے والے طبقات اس استحصالی نظام انتخاب کو مسترد کر چکے ہیں۔ پاکستان کی 65 سالہ تاریخ میں کسی بھی حکمران نے عوام کے حقیقی مسائل پر توجہ نہ دی۔ یہی وجہ ہے کہ آج ملک کی حالت ایسی ہو گئی ہے جیسے یہ ملک آئی سی یو (ICU) میں پڑا ہو۔ انتخابی اصلاحات کے بغیر ہونے والے انتخابات کروا کے قوم سے مذاق اور فراڈ کیاگیا ان الیکشن کے نتیجے میں بھاری مینڈیٹ سے بننے والی غیر مستحکم حکومت کے وزیراعظم آج دو مہینے ہوگئے قوم سے خطاب تک نہ کرسکے، جس کی بڑی وجہ مسائل کے حل کا ادراک نہ ہونا،ویژن کی کمی، صلاحیتوں کا فقدان ہے۔ 11 مئی کے بعد ساری قوم کہہ رہی ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کا فیصلہ درست تھا۔ یہ گندی سیاست اور کرپشن والا نظام ہماری منزل نہیں۔ ہمارے مقاصد اور منزل اس ملک کے غریب عوام کو انکے حقوق دلانا اور ملک کو ٹوٹنے سے بچانا ہے۔

وہ پاکستان عوامی تحریک کے افطار و ڈنر کے موقع پر ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے صدر ابرار رضا ایڈووکیٹ، فاروق بٹ، غضنفر کھوکھر، انصار ملک، عرفان طاہر، مصطفی خان، غلام علی خان، جاوید اصغر ججہ، سعید خان نیازی اور دیگر عہدیداران و کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔ انہوں نے کہا ڈاکٹر طاہرالقادری نے 11مئی کے انتخابات سے قبل قوم کو آگاہ کر دیا تھا کہ اس نظام انتخاب میں ووٹ دینا کرپشن، دہشت گردی، ظلم اور بدعنوانی کی مدد کرنا ہے جو ایک حقیقت بن کر پوری قوم کے سامنے آچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 23 دسمبر کے تاریخی جلسے14 جنوری کے فقید المثال لانگ مارچ اور لیاقت باغ کے جلسے تک پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد نے ثابت کر دیا ہے کہ ہم عوام کے ایجنڈے اور حقوق کیلئے کام کر رہے ہیں اگر آنے والے وقت قوم نے اس نظام کو مسترد کر دیا تو یہی جدوجہد مستقبل میں حقیقی جمہوریت اور ملک میں خوشحالی کا باعث ہو گی۔ انقلاب عوام اور پاکستان کا مقدر بن چکا اور وہ آ کر رہے گا۔ 11 مئی کو نام نہاد الیکشن کے تماشے کو سب نے دیکھ لیا کہ جمہوریت کے نام پر اس ملک کے عوام کے ساتھ کتنا بڑا دھوکہ اور فراڈ کیاگیا۔ اس فرسودہ نظام اور غیر حقیقی جمہوریت نے ان غریب عوام کو سوائے بھوک، افلاس، بے روز گاری، دہشت گردی اور عدم تحفظ کے اور کیا دیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک عوام کے حقوق کی جنگ جاری رکھے گی اور اس ملک کے ہر فرد کو اسکے حقوق دلا کر دم لیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top