شیخ الاسلام کا گوشہ درود کی پُرشکوہ عمارت منارۃ السلام کا افتتاح

مورخہ: 22 اگست 2013ء

تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود کی پرشکوہ عمارت منارۃ السلام کی تعمیر مکمل ہو گئی، جس کا افتتاح شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے دست مبارک سے کیا۔ اس موقع پر دنیا بھر سے جید علماء کرام، مشائخ عظام، قائدین تحریک منہاج القرآن اور ہزاروں خواتین و حضرات موجود تھے۔

منارۃ السلام کی افتتاحی تقریب 22 اگست 2013ء کو گوشہ درود کے صفہ ہال کی چھت پر منعقد ہوئی، جس کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، جس کی سعادت ماہر اور خوش الحان قاری نور محمد چشتی نے حاصل کی۔ ان کی تلاوت میں وہ سوز، حسن، خشوع و خضوع اور اثر تھا کہ ہر آنکھ نم تھی۔ دل و زبان اللہ اکبر کی صدائیں بلند کر رہے تھے۔ جس کے بعد حماد مصطفی المدنی اور احمد مصطفی العربی نے شامی طرز پر لحن داودی میں "یا نورالعین" عربی زبان میں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔ علاوہ ازیں حسان منہاج محمد افضل نوشاہی، منہاج نعت کونسل ظہیر بلالی، امجد بلالی اور دیگر ثناء خواں حضرات نے گروپ کی صورت میں درود پاک اور فارسی زبانی میں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم پیش کی اور آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ سلام پیش کیا۔

اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنی گفتگو میں کہا کہ تحریک منہاج القرآن پر حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بے پناہ نوازشات ہیں۔ تحریک کے مرکز پر قائم گوشہء درود آقا دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بہت بڑی کرم نوازی ہے، جس کی عمارت کا آج افتتاح ہو رہا ہے۔ گوشہء درود حرمین شریفین کے بعد زمین پر وہ مقام ہے جہاں چوبیس گھنٹے سال کے 365 دن ہر لمحہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درود و سلام کے نذرانے پیش کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس پرشکوہ عمارت کی تعمیر کا سہرا دو شخصیات اور ان کی ٹیم کے سر ہے۔ ایک تحریک منہاج القرآن کے نائب صدر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان (پراجیکٹ ڈائریکٹر) اور دوسرے تعمیراتی کمپنی کے ڈائریکٹر خلیل احمد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان شخصیات اور ان کی ٹیموں نے خلوص اور لگن سے یہ کام پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے۔ اللہ تعالی اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صدقے انہیں دنیا و آخرت میں سرخرو فرمائے گا۔

پروجیکٹ ڈائریکٹر اور تحریک منہاج القرآن کے نائب صدر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان نے تقریب کے شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر یکم دسمبر 2005ء کو گوشہء درود کا آغاز تحریک منہاج القرآن کے مرکز پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے دفتر میں کیا گیا۔ بعد ازاں مولانا روم رحمۃ اللہ علیہ کے روضہ مبارک کے ماڈل پر گوشہء درود کی پرشکوہ عمارت (منارۃ السلام) کی تعمیر شروع ہوئی، جس کی اب تکمیل ہو چکی ہے۔ یاد رہے کہ گوشہٴ دوود کی اس عمارت "منارۃ السلام" کے تعمیراتی کام کا سنگ بنیاد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ربیع الاول (2006) میں اپنے دست مبارک سے رکھا تھا، جبکہ تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز 18 جون 2007ء ہوا۔ یہ تعمیراتی کام ماہر انجینئروں کی نگرانی میں مکمل کیا گیا۔ منارۃ السلام کے ساتھ صفہ ہال اور گوشہء نشینوں کے لیے قیام گاہ بھی تعمیر کی گئی۔

اس سے متعلقہ فوٹو البم ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top