تبدیلی چاہنے والے ڈاکٹر طاہرالقادری کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے انقلاب کی راہ کے مسافر بن جائیں، ڈاکٹر حسن قادری

مورخہ: 25 اگست 2013ء

جب ایک کروڑ نمازی اکھٹے ہو جائیں گے تو ڈاکٹر طاہرالقادری کی امامت میں اقامت کہی جائے گی
میڈیا ملک و قوم کیلئے لیڈر کا رول ادا کر سکتا ہے اس حوالے سے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کاعوامی تحریک اسلام آبادکے ورکرکنونشن کے موقع پر خطاب

تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے صدر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ ملک کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو قوم کے مفاد میں بڑی سے بڑی طاقت کے سامنے کلمہ حق کہنے کی جرات رکھتا ہو، مگر ملک وقوم کے مفاد میں جرات مندانہ قدم وہی اٹھا سکتا ہے جو سوائے اللہ کے کسی سے نہ ڈرتا ہو، کرپٹ آدمی کبھی جرات مندانہ قدم نہیں اٹھا سکتا، ڈاکٹر طاہرالقادری کی صورت میں قوم کو ایک جرات مند اور حقیقی قیادت میسر آچکی ہے، اب ہر پاکستانی پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ اگر حقیقی تبدیلی چاہتا ہے تو ڈاکٹر طاہرالقادری کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ایک کروڑ نمازیوں کی صف میں شامل ہو کر انقلاب کی راہ کا مسافر بن جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے ورکرز کنونشن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلی خرم نوازگنڈاپور، نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن احمد نوازانجم اور پاکستان عوامی تحریک و تحریک منہاج القرآن اسلام آباد کے عہدیداران و کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس نظام سے کسی کو خیر نہیں ملے گی، یہ نظام عوام کو غلام بنانے کیلئے بنایا گیا ہے، حکمران اور سیاست دان اس فرسودہ اور عوام دشمن نظام کیے تحفظ کے لئے برسرپیکارہیں جس میں عوام کے حقوق غضب ہوتے ہیں، غریب کااستحصال ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تبدیلی اس نظام کا حصہ بننے سے نہیں بلکہ اس سے باہر نکل کر اس نظام کو زمین بوس کرنے سے آئے گی۔ جب ایک کروڑ نمازی اکھٹے ہو جائیں گے تو ڈاکٹر طاہرالقادری کی امامت میں اقامت کہی جائے گی جب جماعت قائم ہو جائے گی تو ملک سے شیطان اور اس کے حواری بھاگ جائیں گے، یاد رہے جماعت ایک ہی وقت میں ہو گی۔

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلی خرم نوازگنڈاپور نے کہا کہ وہ وقت آنے والا ہے جب لوگ 23 دسمبر اور لانگ مارچ کو بھول جائیں گے، پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایات کے مطابق بہت جلد لانگ مارچ فیز 2 کی تیاریوں کا آغاز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں لیبیا، مصر، فرانس اور تیونس کی طرح اپنے حقوق کو چھیننے کے لئے نکلنا ہوگا جبکہ یہاں بجلی کا بل 100فی صد بھی بڑھا دیں تو لوگ زیادہ سے زیادہ ٹائر جلا کر گھروں کو لوٹ جاتے ہیں اب وہ وقت آگیا ہے کہ پوری قوم اپنے حقوق کے لئے اٹھ کھڑی ہو۔ اور قوم ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں پر امن انقلاب کے لئے کمر بستہ ہو جائے۔

اس موقع پر نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن احمد نوازانجم نے کہا کہ لانگ مارچ کے دوران تبدیلی کی خواہش مند پارٹیاں ڈاکٹر طاہرالقادری کے ایجنڈے کے ساتھ اتفاق کر کے ساتھ شامل ہو جاتیں تو آج صورتحال مختلف ہوتی اب کسی کے اعتراف کرنے کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ تبدیلی کی بات کرنے والے بھی کرپٹ نظام کا حصہ بننے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو ملک میں مثبت تبدیلی کیلئے اپنی ذمہ داریوں کو پہچاننا ہو گا۔ میڈیا ملک و قوم کیلئے لیڈر کا رول ادا کر سکتا ہے اس حوالے سے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر صدر تحریک منہاج القرآن اسلام آباد ابرار رضا ایڈووکیٹ، فاروق بٹ، غضنفر کھوکھر، سید بشیر حسین شاہ، اشتیاق میر ایڈووکیٹ، عرفان طاہر، جاوید اصغر ججہ، سعید نیازی، قاسم مرزا، راضیہ نوید، نصرت امین، میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان، غلام مصطفی نورانی، انصار ملک، اور دیگر قائدین و کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top