جرائم پیشہ عناصر، شدت پسند اور دہشت گرد کراچی میں من مانیاں کر رہے ہیں۔ خرم نواز گنڈا پور

مورخہ: 28 اگست 2013ء

ملکی سلامتی کا تقاضا ہے کہ قتل و غارت گری میں ملوث عناصر کا کھوج لگایا جائے
حکومت کراچی میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے مکمل طور پر ناکام ہو چکی
کراچی میں امن، ترقی اور خوشحالی دراصل پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی ہے
کراچی اور اندرون سندھ سے آئے پاکستان عوامی تحریک کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پورنے کہا ہے کہ عوامی نمائیندے کراچی میں قیام امن کے سلسلے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے دعوؤں کے باوجود جرائم پیشہ عناصر، شدت پسند اور دہشت گرد کراچی میں من مانیاں کر رہے ہیں۔ بد قسمتی سے معاشرہ انتہا پسندی کی آگ میں جل رہا ہے۔ اور اس کے خاتمے کیلئے حکومتوں کے پاس کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے۔ ان تلخ حقائق سے یہ ثابت ہو چکا ہے کہ حکومت کراچی میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور شہر قائد میں بد امنی کا تسلسل حکومتی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ کراچی کے حالات نام نہادجمہوریت کے دعویداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔ وہ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں کراچی اور اندرون سندھ سے آئے پاکستان عوامی تحریک کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ جبکہ اس موقع پر بشارت عزیز جسپال، دیدار سومرو، جواد حامد، ساجد بھٹی، چودھری افضل گجر، ملک مشتاق احمدنوناری ایڈووکیٹ اور حافظ غلام فرید بھی موجود تھے۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ شہر کراچی کو پاکستان کی معیشت میں دماغ کی حیثیت حاصل ہے اور اگر دماغ ہی دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ جیسی ہولناک وارداتوں سے مفلوج کر کے رکھ دیا جائے تو یقیناًاس سے پورا ملک فالج زدہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کا تقاضا ہے کہ قتل و غارت گری میں ملوث عناصر کا کھوج لگایا جائے۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ کراچی میں ملک کے ہر کونے سے تعلق رکھنے والے افراد رہتے ہیں اس لئے یہ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ کراچی کو پر امن، پرسکون اور متحرک رکھنے میں اپنا اپنا انفرادی و اجتماعی کردار ادا کریں۔ شہر قائد کے حالات باقی ملک کو متاثر کرتے ہیں۔ لہذا ملک کے دیگر علاقوں کو پر امن رکھنے کیلئے بھی کراچی میں امن کا قیام لازم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کراچی میں آئے روز کی قتل و غارت گری، لاقانونیت اور بد امنی کی پرزور مذمت کرتی ہے اور پاکستان عوامی تحریک سمجھتی ہے کہ کراچی میں امن، ترقی اور خوشحالی دراصل پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی ہے جس کے قیام کیلئے کوئی لچک، سمجھوتہ یا کسی قسم کی سودے بازی کی اجازت ہر گز نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کا تسلسل ملی اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی ایک منظم سازش ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top