لودہراں: ایک کروڑ نمازیوں میں لودھراں کی تنظیم کا نمایاں حصہ ہو گا، ملک اسلم

مورخہ: 22 اگست 2013ء

لودہراں میں تحریک منہاج القرآن لودھراں کے زیرِ اہتمام 22 اگست کو عید ملن پارٹی کی تقریب منعقد ہوا جس میں لودہراں کی تمام یونین کونسلز کے کاراکین کو مدعو کیا گیا اور معروف سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری عبدالسلام مہمان خصوصی تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری اللہ دتہ مہروی نے حاصل کی۔ قاری عبدالقیوم غوری نے بارگاہ رسالت مآب (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا اور پروفیسر نعمان مصطفوی نعت رسول مقبول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پڑھنے کی سعادت حاصل کی جبکہ نقابت کے فرائض رانا محمد ظاہر القادری نے سرانجام دیئے۔ عید ملن پارٹی میں خاص طور پر 23 دسمبر کے جلسہ، اسلام آباد لانگ مارچ، اور 11 مئی کے دھرنوں کے شرکا ء کو مدعو کیا گیا۔

خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن لودہراں کے صدر ملک محمد اسلم حماد نے جذباتی انداز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’تحریک منہاج القرآن کے وہ عظیم کارکنان آج یہاں آئے ہوئے ہیں جنہوں نے قائدِ انقلاب کی ہر پکار پر لبیک کہا خواہ وہ 23 دسمبر کے عظیم الشان جلسہ کا موقع ہو، 14 جنوری کے یاد گار لانگ مارچ کی جما دینے والی سردی کے لمحات ہوں یا 11 مئی کو باطل نظام کے خلاف اعلانِ بغاوت ہو لودہراں کے کارکنان اپنے قائد کے ہمراہ استقامت اور ولولہ کا پہاڑ بن کر اپنے قائد کے مطالبات کے لئے ڈٹے رہے اس عظیم کاوش پر میرا دل چاہتا ہے کہ اپنے ان ساتھیوں کا ماتھا چوموں‘۔

انہوں نے اپنے خطاب کے آخر میں لودھراں کی تنظیم کی تمام یونین کونسلز کے کارکنان کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ایک کروڑ نمازیوں کو اکٹھا کرنے کا حکم دیا ہے، ان شاء اللہ لودہراں کی تنظیم اس میں اپنا نمایاں حصہ ڈالے گی اور اپنے مجوزہ ٹارگٹ کو حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہے گی‘

تقریب کے مہمان خصوصی چوہدری عبدالسلام تحریک منہاج القرآن کے کارکنان کا جوش وجذبہ دیکھ کر متاثر ہوئے بیغیر نہ رہ سکے۔

مصطفوی سٹوڈنٹس مومنٹ لودھراں کے سیکرٹری جنرل احسان اللہ سنبل نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ علمی میدان میں محنت کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا دست و بازو بنیں۔

اس موقع پر 23 دسمبر کے جلسہ، لانگ مارچ اور 11 مئی کے دھرنوں کے شرکاء میں شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہر القادری کی جانب سے عطا کردہ اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔ اس تقریب کو کامیاب بنانے کے لئے تحریک منہاج القرآن، پاکستان عوامی تحریک، منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے تمام کارکنان و عہدیداران نے اہم کردار ادا کیا۔ تقریب کا اختتام ملک کی امن وسلامتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صحت یابی کے لئے خصوصی دعا سے ہوا۔

تقریب کے آخر میں شرکاء کو پُر تکلف کھانا پیش کیا گیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top