بطور قوم ہم نے نظریاتی و فکری سرحدوں کی حفاظت میں پہلو تہی کی ہے، ڈاکٹر طاہر القادری کا یوم دفاع کے موقع پر قوم کے نام پیغام

کرپٹ نظام انتخاب کے خلاف بغاوت ہی ملک کا اصل دفاع ہے
فکری، نظریاتی اور جغرافیائی دفاع کیلئے عوام کو پھر سے قوم بننا ہو گا
اداروں کے استحکام کیلئے محب وطن، دیانتدار اور اہل قیادت کا انتخاب کرنا ضروری ہے
ڈاکٹر طاہر القادری کا یوم دفاع کے موقع پر قوم کے نام پیغام

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے یوم دفاع کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ وطن عزیز کی سرحدوں پر منڈلاتے خطرات اس بات کی گواہی دے رہے ہیں کہ بطور قوم ہم نے نظریاتی و فکری سرحدوں کی حفاظت میں پہلو تہی کی ہے۔ قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے اصولوں کی دھجیاں ہر سو بکھری دکھائی دیتی ہیں اور ہمیں اس زیاں کا احساس بھی نہیں رہا۔ کرپٹ نظام انتخاب وہ دیمک ہے جو وطن عزیز کی نظریاتی و فکری اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کا احساس بھی چاٹ رہا ہے۔ کرپٹ نظام انتخاب کے خلاف بغاوت ہی ملک کا اصل دفاع ہے۔ فکری، نظریاتی اور جغرافیائی دفاع کیلئے عوام کو پھر سے قوم بننا ہو گا، اسی سے قائداعظم کے پاکستان کی تخلیق اور اسکا دفاع ناقابل تسخیر ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ افسوس بڑی طاقتیں پاکستان کی جاسوسی کیلئے خطیر رقم مختص کر رہی ہیں اور ہماری سیاسی قیادت ذاتی مفادات کی دکانیں سجائے لوٹ مار میں مصروف ہے۔ عوام اور انکے حقوق کے درمیان خلیج کو اتنا گہرا کر دیا گیا ہے کہ قومی سوچ ناپید ہو گئی ہے۔ آئین کے آرٹیکل ایک سے چالیس کا شعور جس دن عوام میں آ گیا، وہ دن ملکی استحکام کی جانب پہلا قدم ہو گا۔ آئین کے آرٹیکل 62، 63 اور 218 کا عملی نفاذ ملک کے استحکام کیلئے ناگزیر ہے۔ اداروں کے استحکام کیلئے محب وطن، دیانتدار اور اہل قیادت کا انتخاب کرنا ضروری ہے، اسی سے آئین محفوظ ہو گا۔ قوم چاہتی ہے کہ آئین موم کی ناک نہ بنے تو اسے اپنی آئینی ذمہ داریوں کو سمجھ کر استحصالی نظام کے خلاف بغاوت کرنا ہو گی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top