آج 6 ستمبر کے شہداء کی روحیں پوری قوم سے سراپا قربانی بننے کا تقاضا کر رہی ہیں۔ غضنفر کھوکھر

سیاسی جماعتوں کے قائدین پاکستان کی کشتی میں سوراخ نہ کریں ورنہ سب ڈوب جائیں گے۔ سعید خان نیازی
سیاسی قیادت ہوش کے ناخن لے اور گھر کے معاملات مل بیٹھ کر حل کرے
یوم دفاع کے حوالے سے منعقدہ "تحفظ پاکستان" سیمینار سے خطاب

پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری غضنفر کھوکھر نے کہا ہے کہ داخلی طور پر کمزور پاکستان خطے میں باوقار مقام حاصل نہیں کرسکتا اس لیے سیاسی قیادت ہوش کے ناخن لے اور گھر کے معاملات مل بیٹھ کر حل کرے کیونکہ بیرونی طاقتوں کی دخل اندازی ملکی مفادات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی سے سب کی خیر ہے اس لیے سیاسی جماعتوں کے قائدین پاکستان کی کشتی میں سوراخ نہ کریں ورنہ سب ڈوب جائیں گے۔ 6 ستمبر قوم کے جذبہ حریت کو مہمیز لگاتا ہے پوری قوم اختلافات بھلا کر سیسہ پلائی دیوار بن جائے اور نظریہ پاکستان کو عملی کردار کے طور پر اپنا لے۔ آج بقائے پاکستان کی جنگ کرنے کے لیے 6 ستمبر کے شہداء اور غازیوں کا جذبہ ہر پاکستانی کو زندہ کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک اسلام آبادکے صدر فاروق بٹ، جنرل سیکرٹری غضنفرکھوکھر نے6 ستمبر یوم دفاع کے موقع پر وطن پر جان نچھاور کرنے والے میجر محمد سرور شہید (نشان حیدر) کے مزار پر پھولوں چادر چڑھانے اور فاتحہ خوانی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر، سعید خان نیازی، نعمان کریم، طلحہ بٹ، حمزہ بٹ اور مبشر رندھاوا بھی موجود تھے۔

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اسلام آباد کے صدر سعید نیازی نے کہاکہ کراچی پاکستان کی اقتصادی شہ رگ ہے وہاں امن کے قیام کے لیے ہر پاکستانی کو کردا ر ادا کرنا ہے۔ تحفظ کراچی تحفظ پاکستان ہے۔ 6 ستمبر والے جذبے سے کراچی میں امن کا قیام ممکن ہے۔ کراچی کے مسئلے کے حل کے لیے حکومت ایسا ٹھوس فیصلہ دے جو اس قضیے کی ہمیشہ کے لیے جڑ کاٹ دے۔ قوم کی نظریں محب وطن قوتوں پر لگی ہیں۔ سیاسی جماعتوں کو امن کے قیام میں اہم کردار ادا کرنا ہے کیونکہ آج استحکام کی بجائے تحفظ پاکستان کا مسئلہ درپیش ہے جو 6 ستمبر کے جذبہ سے ہی ممکن ہے۔ آج اندرونی اور بیرونی طور پر پاکستان سازشوں میں گھرا ہوا ہے ان حالات میں قوم میں ملک کے مفادات کو بچانے کا جذبہ بیدار کرنا سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے۔ آج 6ستمبر کے شہداء کی روحیں پوری قوم سے سراپا قربانی بننے کا تقاضہ کررہی ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top