موجودہ حکومت کوئی واضح معاشی پالیسی نہیں دے سکی، خرم نواز گنڈا پور
موجودہ کرپٹ نظام کے اندر رہتے ہوئے عوام کے مسائل حل نہیں ہو سکتے
پورے ملک سے عوام دشمن نظام کا بستر گول کر دیا جائے گا
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے پوری قوم کو شعور دیا کہ موجودہ کرپٹ نظام کے اندررہتے ہوئے عوام کے مسائل حل نہیں ہوسکتے اور اب لوگ ڈاکٹر طاہرالقادری کے ایجنڈے کے ساتھ متفق ہو کر ایک کروڑ نمازیوں کی صف میں شامل ہونے کے لئے کشاں کشاں چلے آرہے ہیں۔ کارکن ایک کروڑ نمازیوں کی تیاریوں کے لئے دن رات ایک کردیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری لانگ مارچ اور دھرنے کی صورت میں اذان دے چکے ہیں اور اب اقامت ہوگی اور پورے ملک سے عوام دشمن نظام کا بستر گول کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے ویژن کو عوام تک پہنچانے کے لئے ہر دروازہ کھٹکھٹانا کارکنوں پر فرض ہے۔ ہم قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ کاحقیقی پاکستان بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر عاقل ملک، ساجد بھٹی، جواد حامد، غلام فرید اور چودھری افضل گجر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران آئی ایم ایف اور دیگر عالمی مالیاتی ادارں کے سامنے کشکول اٹھا کر پھر رہے ہیں ان کی اپنی کوئی حکمت عملی نہیں ہے۔ آئی ایم ایف کے قرض سے غریب عوام پر براہ راست بوجھ پڑتا ہے جبکہ حکمران طبقہ اسی پیسے کو اپنی عیاشیوں پر خرچ کرتے ہیں۔ اشیائے خورد و نوش تک کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور موجودہ حکومت کوئی واضح معاشی پالیسی نہیں دے سکی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لئے ضروری ہے کہ استحصالی اور کرپٹ نظام انتخاب کواس کی جڑسے اکھاڑ دیا جائے اور غریب عوام کے حقوق ان کی دہلیزپر مل سکیں۔
تبصرہ