اولیاء اللہ کی تعلیمات قرآن و سنت کی پیروی کی روشنی میں سمجھی جا سکتی ہیں۔ علامہ صادق قریشی

اللہ والے انسانیت کی فلاح و بہبود اللہ تعالی کی رضا کے لیے کرتے ہیں

تحریک منہاج القرآن کے نائب امیر علامہ صادق قریشی نے کہا ہے کہ اولیاء اللہ نے ہمیشہ امن و محبت کے پیغام کو فروغ دیا ہے کیونکہ امن و محبت دین اسلام کی بنیاد اور روح ہے۔ اللہ والے انسانیت کی فلاح و بہبود اللہ تعالی کی رضا کے لیے کرتے ہیں۔ اولیاء اللہ ہی وہ ہستیاں ہیں جنہوں نے دین اسلام کی تعلیمات کی روشنی سے اپنے کردار منور کئے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

علامہ صادق قریشی نے کہا کہ سیاسی اسلام کو کئی مرتبہ زوال آیا مگر روحانی اسلام ہمیشہ تاریخ کے ماتھے پر چمکتا رہا۔ وہ لوگ جو تصوف اور روحانی اسلام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں وہ اسلام کی اصل تعلیمات سے بے بہرہ ہیں کیونکہ تصوف اور روحانیت کا تعلق قرآن وسنت سے ہے۔ جس تصوف اور روحانیت کا تعلق قرآن وسنت سے نہیں وہ الحاد کے سوا کچھ نہیں۔

علامہ صادق قریشی نے کہا کہ اولیاء اللہ کی تعلیمات قرآن وسنت کی پیروی کی روشنی میں سمجھی جاسکتی ہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں کثرت سے اولیاء اللہ کا ذکر کیا ہے اور ان کی شان بیان کی۔ اس طرح حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے احادیث مبارکہ میں اولیاء اللہ کی شان اور صفات بیان کی ہیں۔ انہوں نے اسی پیغام کو فروغ دیا جو قرآن وسنت سے پھوٹتا ہے۔ اولیاء اللہ نے اپنی زندگی رضا الہی اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت اور مخلوق کی خدمت کے لیے وقف کی ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اولیاء اللہ کا جینا اور مرنا اللہ تعالیٰ کے لیے ہوتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top