وہاڑی: کارکنان اپنے قائد کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اپنے کردار کی طاقت سے آگے بڑھیں، شیخ زاہد فیاض کا ورکرز کنونشن سے خطاب

وہاڑی (بیورو رپورٹ - 13 ستمبر) مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ کارکنان اپنے قائد کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اپنے کردار کی طاقت سے آگے بڑھیں۔ تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد پرامن انقلاب کی جدوجہد ہے جس کا راستہ روکنا ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک وہاڑی کے زیراہتمام منعقدہ ضلعی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہی نہیں بلکہ ہمارا عقیدہ ہے جس کی حفاظت ہم سب کا فرض ہے۔

اس موقع پر مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چوہدری عرفان یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ قافلہ عشق اپنی منزل پر پہنچ کر ہی دم لے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہاڑی کے کارکنوں کو 12 ہزار جانثاران کی تیاری کا ٹارگٹ دیا گیا ہے، جس کے لیے دن رات ایک کر دیں۔ انہوں نے مرکزی ذمہ داری دئیے جانے پر قائد تحریک کا شکریہ ادا کیا۔

ناظم تحریک ملتان ڈویژن علامہ ارشاد احمد سعیدی نے کہا کہ 23 دسمبر سے 14جنوری تک کارکنان نے جس جذبے کا مظاہرہ کیا ہے ہم اسے لاکھوں بار سلام پیش کرتے ہیں۔ کارکن تحریک کا وہ سرمایہ ہیں جن سے تحریک کی قیادت اپنے بچوں سے زیادہ پیار کرتی ہے۔ انہوں نے کہ ایک کروڑ کا ٹارگٹ ہر رکن پر 100 افراد کی ذمہ داری کے ساتھ حاصل کیا جائے گا۔ کوئی کارکن آج سے فارغ نہ بیٹھے نکلیں اور قیادت کے پیغام کو گلی گلی پہنچائیں۔

ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ناظم دعوت ملتان ڈویژن چوہدری قمر عباس دھول نے کہا کہ یہ حسینی تحریک ہے جس کی منزل کربلا ہے تحریک کا ہر فرد امام حسین علیہ السلام کی پیروی میں ملت اسلامیہ اور خصوصاً پاکستان کے تحفظ اور نظریہ پاکستان کے تحفظ کے لیے اپنی آئینی جدوجہد کرنے کا حق ادا کریں۔

ضلعی صدر پاکستان عوامی تحریک پیر محمد افضل ہاشمی نے کہا کہ تبدیلی ہمارا نظریہ نہیں بلکہ عقیدہ ہے اور عقیدے پر کوئی مفاہمت نہیں کی جاتی۔ انہوں نے تبدیلی کو فطری عمل قرار دیا اور تبدیلی کی مخالف قوتوں کو غیر فطری قوتیں قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان پر امن جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں اورملکی اور قومی مفاد ہی کارکنان کی پہلی ترجیح ہے۔

کنونشن میں چوہدری اقبال یوسف، پیر اقبال شاہ، پیر حبیب اللہ شاہ ہاشمی، راؤ غلام مصطفےٰ، ڈاکٹر محمد منیر، ملک نذیر، مرزا وسیم افضل، حافظ محمدبلال، حافظ شریف، طاہر عظیم، محمد منشاء، عبد المتین مصطفوی، راؤ منور طاہر، چوہدری الطاف رضوان، رانا محمد عمران، میاں ثاقب، عبدالخالق بھٹی، علی عمران جٹ، عبد اللہ قادری اور ارشد ساقی سمیت سینکڑوں کارکنان کے علاوہ منہاج القرآن ویمن لیگ کی خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ قبل ازیں مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چوہدری عرفان یوسف کا منتخب ہونے کے بعد پہلی بار وہاڑی آنے پر وی چوک میں کارکنان نے شاندار استقبال کیا اور من پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور بہت بڑی ریلی کے ساتھ ورکرز کنونش کے پنڈال میں لایا گیا۔

اس سے متعلقہ فوٹو البم ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top