گوجرانوالہ: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا منہاج القرآن اسلامک سنٹر نوشہرہ ورکاں کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب

منہاج القرآن اسلامک سنٹر نوشہرہ ورکارں، گوجرانوالہ کے سنگ بنیاد کی تقریب 28 ستمبر 2013 کو منعقد ہوئی جس میں تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے خصوصی شرکت کی اور سنٹر کا سنگ بنیاد رکھا۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن نوشہرہ ورکاں، گوجرانوالہ کی تنظیم کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے 1994ء میں منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کا آغاز کیا جس کے قیام کا مقصد قوم کو زیور تعلیم سے آراستہ کر کے انہیں معاشرے کا ایک اہم اور مفید رکن بنانا ہے تاکہ وہ ملک و قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکے۔

انہوں نے کہا منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے تحت ملکی سطح پر 600 سے زائد تعلیمی ادارے (انگلش و اردو میڈیم) نئی نسل میں فروغِ تعلیم، بیداری شعور اور فکری و نظریاتی تربیت کے ساتھ قومی ترقی میں اہم فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔ جن میں بنیادی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ افراد کو معاشرے کا اہم رکن بنانے کے لیے اخلاقی، روحانی، سائنسی، طبی اور پیشہ وارانہ رہنمائی بھی فراہم کی جاتی ہے۔

ڈاکٹر حسن قادری نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری عالم اسلام کی علمی و فکری اور ہمہ جہت شخصیت ہیں۔ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری ملتِ اسلامیہ کی تاریخ کے دورِ جدید کے مؤسس (مجدد رواں صدی) اور روشن مستقبل کی نوید سحر ہیں۔

قبل ازیں مہمان خصوصی ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا نوشہرہ ورکاں بلال چوک میں والہانہ استقبال کیا گیا، معزز مہمان کو جلوس کی شکل میں پنڈال تک لایا گیا، راستے میں لوگوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ جب مہمان پنڈال میں پہنچے تو welcome ،welcome کے نعروں کے ساتھ شرکاء نے کھڑے ہو کر اپنے قائد کا استقبال کیا۔ پنڈال میں موجود شرکاء نے پیر میاں محمد حنفی سیفی (آستانہ عالیہ حنفیہ سیفیہ) اور  پیر سلطان محمد علی، امیر تحریک گوجرانوالہ عمران علی ایڈووکیٹ، ناظم تحریک سرفراز حسین نیازی نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے ہمراہ صدر پاکستان عوامی تحریک شیخ زاہد فیاض اور زونل ناظم گوجرانوالہ ساجد محمود بھٹی کا کھڑے ہو کر استقبال کیا۔

تقریب سے پیر میاں محمد حنفی سیفی (آستانہ عالیہ حنفیہ سیفیہ) اور صدر پاکستان عوامی تحریک شیخ زاہد فیاض نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top