ملک بھر کے عوام ڈاکٹر طاہرالقادری کی نماز انقلاب کی جانب کشاں کشاں چلے آ رہے ہیں۔ ڈاکٹرحسین محی الدین قادری
اس نظام کے تحت مہنگائی، بجلی، غربت، بے روزگاری اور دہشت گردی
جیسے مسائل حل نہیں ہوئے
وہ دن دور نہیں جب ڈاکٹر طاہرالقادری کی امامت میں نماز انقلاب ادا کی جائے گی اور
ملک میں حقیقی تبدیلی آئے گی
تحریک منہاج القرآن فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ تبدیلی کی خواہش رکھنے والے اور اس ملک کے کروڑوں عوام جان چکے ہیں کہ ملک میں نافذ عوام دشمن نظام کے ہوتے ہوئے غریب کا مقدر نہیں بدل سکتا کیونکہ یہ نظام تبدیلی کے لئے بنایا ہی نہیں گیا۔ قوم کو اس کرپٹ نظام کے خلاف بغاوت کرنی ہوگی۔ اس نظام کا حصہ بن کر اس کا خاتمہ نہیں ہو سکتا، اس کے لئے اس نظام کو دھکا دے کرگرانا ہوگا۔ اس کی دیواروں کو مسمار کرنا ہوگا۔ اس نظام کے تحت بجلی، مہنگائی، غربت، بے روزگاری جیسے مسائل حل ہوئے نہ ہی عوام کے جان و مال کو تحفظ دیا جا سکا۔ نہ دہشت گردی کا مسئلہ حل ہوا، نہ علاج اور صحت کی سہولتیں ملیں۔ عوام اب بھی پہلے کی طرح در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں، نہ لوگوں کو تعلیم ملی، نہ دہشت گردی ختم ہوئی، نہ انتہا پسندی کا خاتمہ ہوسکا، نہ سیاسی انتشار ختم ہوا، نہ قومی اداروں کو مضبوط اور مستحکم کرنے کی جانب کوئی توجہ دی گئی۔ بدعنوانی، کرپشن اور لاقانونیت کا راج آج بھی قائم ہے۔ قومی غیرت اور سالمیت کا تحفظ نہیں کیاگیا۔ حکمران بتائیں کہ جمہوریت کس لئے آتی ہے، حکومتیں کس لئے بنائی جاتی ہیں کیا۔ حکومتیں عوام پر مظالم ڈھانے کے لئے بنائی جاتی ہیں؟
ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے رہنما انچارج میڈیاسیل مصطفی خان اور میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان اور اخترراجہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے11 مئی کے انتخابات سے قبل قوم کو آگاہ کردیا تھا کہ اس نظام کے تحت ہونے والے انتخابات کے ذریعے کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ آج حکومت کے سیاہ کارناموں کے باعث پوری قوم سراپا احتجاج بن چکی ہے اور حکمران طبقہ 100دن کی کا رکردگی پر سیمینار کرکے قوم کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اب قوم باشعور ہوچکی ہے عوام جان چکے ہیں کہ یہ نظام اور اس کرپٹ نظام کے محافظ عوام کو ان کے حقوق دینے میں سنجیدہ نہیں ہیں۔ اس لئے ملک بھر کے عوام ڈاکٹر طاہرالقادری کی نماز انقلاب کی جانب کشاں کشاں چلے آ رہے ہیں اورمرد، خواتین، نوجوان، بچے، بوڑھے الغرض ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی تیزی کیساتھ ڈاکٹر طاہرالقادری کے انقلابی ایجنڈے کو تسلیم کرتے ہوئے ایک کروڑ نمازیوں کی صف میں شامل ہو رہے ہیں۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ڈاکٹر طاہرالقادری کی امامت میں نمازانقلاب اداکی جائے گی اور ملک میں حقیقی تبدیلی آئے گی۔
تبصرہ