مہنگائی کا جن حکومت کو بہت جلد منطقی انجام تک پہنچا دے گا۔ سردار منصور خان

عوام پر مہنگائی کا بم گرانے والے حکمرانوں کی جگہ پارلیمنٹ اور وزیراعظم ہاؤس نہیں بلکہ جیل ہے
اضافہ واپس نہ لیا گیا تو پاکستان عوامی تحریک ملک گیر احتجاجی مظاہرے کرے گی

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار منصور خان نے کہا ہے کہ مہنگائی کا جن بہت جلد حکومت کو اس کے منطقی انجام تک پہنچادے گا۔ پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ حالیہ ظالمانہ اضافہ عوام کی توقعات کے بالکل برعکس ہے۔ ہر دس دن بعد بجلی کے جھٹکے دے کر اور پٹرول بم گرا کر عوام کے معاشی قتل کی حکومتی روش جاری ہے۔ حکومت نے 100 دن میں بجلی کے نرخوں میں 60 فیصد ریکارڈ اضافہ کر کے لوگوں کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے نرخوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ فیصلہ فوری واپس لیا جائے بصورت دیگر پاکستان عوامی تحریک ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کرے گی اور احتجاجی تحریک بھی چلائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 38 کے تحت ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر شہری کو روٹی، کپڑا، مکان، تعلیم، صحت اور علاج کی سہولیات مہیا کرے۔ لیکن حکمرانوں کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، حکمران عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔ ایسے حکمرانوں کو اقتدارمیں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ ایسے حکمرانوں کی جگہ پارلیمنٹ اور وزیراعظم ہاؤس نہیں بلکہ جیل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میڈیا سیل میں پاکستان عوامی تحریک وکلاء ونگ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر پاکستان عوامی تحریک نے پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے نرخوں میں حالیہ ظالمانہ اضافے کوعوام کش اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے لگتا جیسے حکمرانوں نے عوام کے برقی قتل کا فیصلہ کر لیا ہے۔ قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی میں ہولناک اضافہ ہو گا۔ پاکستان عوامی تحریک کو پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے نرخوں میں حالیہ اضافہ کسی صورت بھی قبول نہیں۔ فیصلہ عوام دشمن ہے، اگر فوری واپس نہ لیا گیا تو ملک گیر احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت نقصان میں ہے، سماجی مسائل نے خوفناک صورتحال اختیار کر لی ہے اس کے باوجود نام نہاد حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔ انہوں نے کہا کہ سارے مسائل کی جڑ موجودہ فرسودہ نظام انتخاب ہے جس کے ذریعے کروڑوں، اربوں روپے خرچ کر کے آنے والے حکمرانوں کو عوامی مسائل کی کیا پرواہ۔ مہنگائی جتنی چاہے بڑھے اس نظام کے ذریعے اقتدار میں آنے والوں کو اس کا کوئی غم اور افسوس نہ ہو گا۔ عوام کو اپنے حقوق کے لئے نکلنا ہوگا ورنہ یہی ظالمانہ نظام اور یہی ظالم حکمران انہیں جینے دیں گے اور نہ ہی آگے بڑھنے دیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top