علی پور: پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام ورکرز کنونشن

پاکستان عوامی تحریک علی پور کے زیراہتمام عظیم الشان ورکرز کنونشن علی پارک کے شادی ھال میں منعقد ہوا، جس میں کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کنونشن کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ اس موقع پر صدر پاکستان تحریک انصاف علی پور ملک عامر محمود ایڈووکیٹ اور صدر انجمن تاجران علی پور سید منور حسین بخاری نے خصوصی شرکت کی۔

 کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی نائب صدر پاکستان عوامی تحریک سردار شاکر خان مزاری نے کہا کہ خوشحالی کے جھوٹے وعدوں کے ساتھ اقتدار میں آنے والی ن لیگی حکومت نے مہنگائی کا طوفان بپا کرکے غریبوں کا جینا دو بھر کردیا۔ ہر ہفتے ایک سو سے زائد بے گناہ پاکستانی قتل ہو رہے ہیں۔ قوم اگر جبر و استبداد کے خلاف جلد نہ اٹھی توڈر ہے کہ کہیں قائداعظم کا پاکستان ٹکڑے ٹکڑے نہ ہو جائے۔ اندرون و بیرون ملک پاکستان کے دشمن اپنے ناپاک ارادوں کی تکمیل کے لئے سرتوڑ کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ موجودہ کرپٹ، فوسودہ نظام انتخاب کو سمندر برد کرنے کے لیے ہمیں شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کا ساتھ دینا ہو گا تاکہ وطن عزیز میں جلد از جلد مصطفوی انقلاب کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔

کو آرڈینیٹر پاکستان عوامی تحریک ملتان ڈویژن علامہ مفتی ارشاد حسین سعیدی نے اپنے خطاب کے دوران شاندار ورکرز کنونشن کے انعقاد پر پاکستان عوامی تحریک علی پورکے کارکنوں کو مبارکباد پیش کی۔ کنونشن سے کو آرڈینیٹر پاکستان عوامی تحریک ڈیرہ غازی خان ڈویژن علامہ غضنفر حسنین قادری، صدر پاکستان عوامی تحریک علی پور چودھری سعود الرحمٰن نے بھی خطاب کیا۔ تحریکی رہنماؤں میں علامہ زاہد حسین اویسی، جام غلام قاسم ایڈووکیٹ، حافظ سید منور بخاری، جام مبشر اویسی، نیازحسین بھٹہ اور علامہ اکمل فریدی نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top