علماء کرام اختلاف کے پہلوؤں پر بحث کی بجائے اتفاق اور اتحاد کے فائدوں پر غور کریں، علامہ صادق قریشی
حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری بخوبی ادا نہیں کر پا رہی
تحریک منہاج القرآن کے نائب امیر علامہ صادق قریشی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں امن وامان کی صورتحال بے حد تشویشناک ہے۔ کتنے ہی بے گناہ اور معصوم لوگوں کا خون بہایا جاچکا ہے۔ قاتل گرفتار کئے گئے اور نہ ہی ذمہ داروں کو سزا دی گئی۔ حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری بخوبی ادا نہیں کرپارہی۔ انسانی جانوں کو بے وقعت کرنے والوں کو نہ تو کوئی پکڑتا ہے اور نہ کوئی پوچھتا ہے۔ عام شہریوں کے قتل کے واقعات کو محض دہشت گردی اور فسادات کا تسلسل قرار دے کر حکومت اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برآں نہیں ہوسکتی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ دہشت گردی میں جاں بحق ہونے والے معصوم شہریوں کے قاتلوں تک پہنچا جائے اور انہیں کٹہرے میں کھڑا کرکے سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ یہ تمام شرپسندوں کے لیے باعث عبرت ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی، پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں ٹارگٹ کلنگ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ فسادات کی روک تھام کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ علماء کرام بھی توجہ دیں۔ تمام فرقوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ علماء کرام لوگوں کے درمیان اختلاف کے پہلوؤں پر بحث کی بجائے اتفاق، اتحاداور یگانگت کے فائدوں پر غور کریں۔ انہوں نے کہاکہ حالات کا تقاضا ہے کہ تمام مسالک سے تعلق رکھنے والے علماء مل بیٹھیں اور حالات کو بہتر کرنے کے لیے تجاویز دیں اور ملکی تعمیر و ترقی کے لیے مل کر آگے بڑھنے کے راستے تلاش کریں۔
تبصرہ