قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ کے ساتھ کیا ہوا عہد نبھانے کا وقت آ گیاہے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
اذان انقلاب کے بعد نماز انقلاب ہوکر رہے گی اور ملک میں ڈاکٹر
طاہرالقادری کی قیادت میں انقلاب آئے گا
اختیارات اور دولت کی غیر منصفانہ تقسیم کے باعث غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہوتا
جا رہا ہے
تحریک منہاج القرآن سپریم کونسل کے چیئیرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ آئین پاکستان کے مطابق ریاست ہر شہری کو بنیادی ضروریات فراہم کرنے کی ذمہ دار ہے۔ اختیارات اور دولت کی غیر منصفانہ تقسیم نے معاشرے میں تقسیم پیدا کر دی ہے۔ غریب غریب تر اور امیرامیر تر ہوتا جا رہا ہے۔ حکمران عوام کی دولت کو لوٹ کر عیاشیاں کر رہے ہیں، اپنے کتے اور گھوڑے پال رہے ہیں اور غریب کا بچہ دو وقت کی روٹی کو ترس رہا ہے، قوم کی اس حالت زار کو دیکھ کر قائد انقلاب ڈاکٹر طاہرالقادری کا دل خون کے آنسو روتاہے۔
وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد میڈیا ٹیم سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام، مصطفی خان، غلام علی خان، مبشر رندھاوا اور دیگر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ غربت، بے روزگاری، دہشت گردی ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔ قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ کے ساتھ کیا ہوا عہد نبھانے کا وقت آگیاہے، ڈاکٹر طاہرالقادری ملک کو قائداعظم کے خواب کی تعبیر کو حقیقت کا رنگ دینے کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔ بہت جلد دو کروڑ نمازیوں کی جماعت کھڑی ہوگی اور سرمایہ دارانہ، جاگیردارانہ اور عوام دشمن نظام کاملیا مییٹ کردیا جائے گا۔ اب عوام تبدیلی کے لئے نکل پڑے ہیں اور پرامن جدوجہد کے ذریعے تبدیلی آنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جس ملک میں عبادت گاہیں بھی محفوظ نہیں ہیں وہ ملک کیا ترقی نہیں کرے گا ملک میں خوشحالی اور ترقی کے لئے امن کا قیام بنیادی شرط ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کی بیداری شعور مہم کامیابی کی جانب رواںدواں ہے۔ اگر آئین پاکستان پر حقیقی معنوں میں عمل کیا جاتا تو آج غریب عوام اپنے حقوق کے لئے دردر کی ٹھوکریں نہ کھا رہے ہوتے۔ ملک میں امن وامان کی مخدوش صورت حال کے ذمہ دار حکمران ہیں، پوراملک بدامنی کاشکار ہے۔ حکمران امن و امان کے قیام اور عوام ریلیف دینے میں مکمل طورپر ناکام ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تبدیلی چاہنے والوں کو تکمیل پاکستان کے لئے اور حقیقی پاکستان کے قیام کیلئے عملی طور پر میدان عمل میں نکلنا ہوگا اور پاکستان عوامی تحریک کی نماز انقلاب کاحصہ بننا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اذان انقلاب کے بعد نماز انقلاب ہوکر رہے گی اور ملک میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں انقلاب آئے گا اور ملک کا مقدر بدلے گا جس کے لئے پوری قوم کو سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر ظالمانہ نظام کے خلاف ایک قوم بن کر مقابلہ کرنا ہوگا۔
تبصرہ