جہلم: ضلعی ورکرز کنونشن سے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا خطاب

اتوار 6 اکتوبر صبح نو بجے مرحبا میرج گارڈن جہلم میں ضلعی ورکرز کنونشن انعقاد پذیر ہوا۔ جہلم کے مرد و زن بہت شاداں و فرحاں تھے کہ ان کے محبوب قائدکے بیٹے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری (چیئرمین تحریک منہاج القرآن)، جہلم تشریف لا رہے ہیں۔ تمام تحریکی ساتھی یوتھ والے ہوں یا ایم ایس ایم والے، تحریک منہاج القرآن کے کارکن ہوں یا ویمن لیگ کی مائیں، بہنیں بیٹاں، ہر کوئی اتوار کا شدت سے انتظار کر رہا تھا۔ علی الصبح یوتھ کے چاک و چوبند نوجوانوں نے مرحبا میرج گارڈن کو گھیرے میں لے لیا، ہر کوئی اپنی اپنی ڈیوٹی پر کھڑا تھا۔ مرحبا میرج گارڈن کو بڑی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ مختلف فلیکسس پہ ڈاکٹرحسن محی الدین قادری کی تصویریں ہی تصویریں نظر آرہی تھی۔

تحریک کے تین رنگے جھنڈے پنڈال کی خوبصورتی میں چار چاند لگا رہے تھے۔ سوا دس بجے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر شیخ زاہد فیاض صاحب پنڈال میں تشریف لائے۔ ساڑھے گیارہ بجے یوتھ لیگ اور ایم ایس ایم کے نوجوان موٹر سائیکلوں کے جھرمٹ میں ریلی کی صورت میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو لے کر پنڈال میں داخل ہوئے۔ یکدم پنڈال بلند وبانگ نعروں کی آوازوں سے گونج اٹھا۔ یوتھ لیگ نے ڈھول بجا کر جبکہ ویمن لیگ کی چلڈرن لیگ نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے ڈاکٹرحسن محی الدین قادری کا استقبال کیا۔ ان کے ساتھ راولپنڈی ڈویژن کے نگران احمد نواز انجم، ایم ایس ایم کے نائب صدر رضی طاہر، مرکزی نگران نظامت تربیت سلیم احمد چوہدری، ضلعی نگران قاضی نصیر اور مرکزی ویمن لیگ کی نمائندگی کے لیے ناظمہ تربیت سیدہ شازیہ مظہر اور ناظمہ دعوت سیدہ نازیہ مظہر تشریف لائیں۔

تلاوت ونعت کے بعد مرکزی نگران نظامت تربیت سلیم احمد چوہدری نے گفتگو کی۔ جبکہ شیخ زاہد فیاض نے اپنی گفتگو کے بجائے ڈاکٹرحسن محی الدین قادری کے خطاب کے لیے بلانے پر اکتفا کیا۔ ڈاکٹرحسن محی الدین قادری نے خطاب میں کہا کہ جہلم جانبازوں کا شہر ہے، میں جب لانگ مارچ کے دن یہاں سے گزرا تھا تب بھی لوگوں کے ہجوم واستقبال کو دیکھ کر بہت خوش ہوا تھا اور آج کھچا کھچ بھرا ہوا پنڈال دیکھ کر میرا دل باغ باغ ہو گیا ہے۔ آپ نے کہا کہ قائد نے دو کروڑ نمازی مانگے ہیں ووٹرز نہیں، کیونکہ ووٹر بک سکتے ہیں نمازی بک نہیں سکتے۔ آپ نے حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو خود کو شیر سمجھتے ہیں وہ اصل میں گیدڑ ہیں۔ آپ نے کارکنوں سے قائد کی آواز پر لبیک کہنے کا حلف بھی لیا۔

رپورٹ: رفعت اقبال قادری (کوآرڈینٹر ویمن لیگ جہلم)

اس سے متعلقہ فوٹو البم ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top