فیصل آباد: منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب

فرسودہ رسم و رواج اور غربت میں جکڑے معاشرے میں بیٹی کے ہاتھ پیلے کرنا غریب کے لیے ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔ ان حالات میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 25 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب منہاج القرآن اسلامک سنٹرگلفشاں کالونی کے سامنے وسیع گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب کی صدارت تحریک منہاج القرآن کے مرکزی ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور نے کی۔ باراتوں کی آمد کا سلسلہ دوپہر 1 بجے تک جاری رہا۔ ڈھول اور فوجی بینڈ سے ان کا استقبال کیا گیا۔ پنڈال کو رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت شریف سے کیاگیا۔ اس موقع پر سید ہدایت رسول قادری، ہمایوں عباس شمس، میاں کاشف محمود، چوہدری محمود عالم جٹ، رانا طاہر سلیم خاں، حاجی محمد عارف بیگ، شیخ اعجاز احمد، چوہدری بدر رمیض، حاجی محمد سلیم قادری، حاجی محمد رفیق، حاجی عبدالمجید، حاجی امین القادری، حاجی محمد رشید قادری، حاجی محمد اشرف، خواجہ شاہد رزاق سکا، رائے محمود الحسن کھرل، چوہدری نصیر ولی محمد، راجہ محمد ایوب، چوہدری تاج محمد، ضلعی صدر فاطمہ سجاد، قمر النساء خاکی، رانا رب نواز انجم کے علاوہ دیگر ممتاز سیاسی، مذہبی ، سوشل ویلفیئر اور سماجی بہبود کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس تقریب سعید سے ڈی سی او فیصل آباد نجم احمد شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی مذہبی، تعلیمی اور فلاحی خدمات قابل تقلید ہیں۔ بانی تحریک منہاج القرآن امن و سلامتی کے حقیقی سفیر ہیں۔ انہوں نے نفرتوں کو محبتوں سے بدلنے کا جو مشن شروع کیا ہے وہ پوری دنیا میں انہیں ممتاز کرتا ہے۔

تقریب سے مرکزی ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور، سید امجد علی شاہ، انجینئر محمد رفیق نجم، محمد عارف صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر فرد دوسروں کو خوشیاں بانٹنے کا عظیم کام ضرور کرے کیونکہ غربت، جہالت اور پسماندگی کا خاتمہ کرنا سُنتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے بے سہارہ اور یتیم بچوں کے منصوبے آغوش سمیت دیگر فلاحی اور تعلیمی منصوبوں کو دوسروں کے لئے مثال بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملکی حالات ایسے ہو گئے ہیں کہ عوام خوشیوں کو ترس گئے ہیں۔ منہاج القرآن کا یہ طرہ امتیاز ہے کہ اس نے معاشرے میں باہمی اخوت اور محبت کے جذبے کو اجاگر کیا اور آج ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی زیر قیادت دنیا بھر میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت کر رہی ہے۔

نکاح کے فرائض قاری محمد امجد ظفر، قاری محمد اعظم نے سرانجام دیئے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے تقریب میں شریک ہر دلہن کو ایک لاکھ روپے سے زائد مالیت کاسامان جن میں قرآن پاک، جائے نماز، برتنوں والی الماری، ڈبل بیڈ، کرسیاں، میز، پیٹی، ڈرمی آٹے والی، اٹیچی کیس، سلائی مشین، واشنگ مشین، پنکھا، استری، کلاک، سٹیل برتن، ڈنر سیٹ، پلاسٹک برتن، رضائی ڈبل بیڈ، تکیے، کھیس، دریاں ، واٹر سیٹ ، ٹی کپ، میک اپ سامان و دیگر ضروریات زندگی کا تمام سامان اور دلہن کو سونے کا کوکا، دلہا کوگھڑی کا تحفہ دیا گیا۔ تقریب میں 2000 مہمانوں کو پرتکلف کھانا دیاگیا ہے۔

اس پر وقار تقریب کا اختتام قرآن پاک کے سائے میں 25 دلہنوں کی رخصتی پر ہوا۔ خوشی کی اس تقریب میں لوگوں کی آنکھیں پرنم ہوگئیں۔ یتیم اور بے سہارا دلہنوں اوران کے لواحقین نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی درازی عمر اور صحت کے لیے دعائیں دیں۔

رپورٹ: غلام محمد قادری (ضلعی سیکرٹری اطلاعات)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top