موجودہ نظام کے تحت حکومت تو بدل جاتی ہے مگر نظام نہیں بدلتا، چہرے بدلنے سے نظام کبھی نہیں بدلے گا۔ سردار منصور خان

عوام ڈاکٹر طاہرالقادری کی نماز انقلاب میں شامل ہو کر ملک میں انقلاب کی راہ ہموار کریں تب ملک کا مقدر بدلے گا
کرپٹ سیاسی نظام کے خلاف بغاوت کرنا ہوگی

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار منصور خان نے کہا ہے کہ انتخابات کے موقع پر سیاسی جماعتیں اور امیدوار غریب عوام کو جمہوریت کے نام پر دھوکہ دیتے ہیں اور دلفریب اور سبز باغ دکھاتے ہیں اور خوبصورت جملوں سے دھوکہ دے کر ووٹ حاصل کرتے ہیں اور منتخب ہونے کے بعد عوام کو بھول جاتے ہیں۔ عوام کو جب بجلی نہیں ملتی، روزگار نہیں ملتا، مہنگائی کے تحفے ملتے ہیں، دہشت گردی ہوتی ہے، پورے ملک میں خون بہتا ہے، زندگی جہنم بن جاتی ہے، مستقبل تاریک ہو جاتا ہے، دوردور تک مایوسی کے سائے منڈلانے لگتے ہیں، غربت میں اضافہ اور لاقانونیت جیسے مسائل دیکھ کر وہی لوگ ان سیاست دانوں کو پانچ سال گالیاں دیتے ہیں، پھر وقت آنے پر اس نظام کے محافظ آپس میں مل جاتے ہیں اور پوری قوم پچھلے پانچ سال کے حشرکو بھول کر انتخابات سے ایک نئی امید لگاکر ایک بار پھر لائینوں میں لگ کر ان ہی نام نہاد سیاست دانوں کو ووٹ ڈالنے کے لئے نکل آتے ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی تحریک اسلام آباد کے عہدیداران سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام یہ بھول جاتے ہیں کہ ہم کن لوگوں سے تبدیلی اور اپنے مسائل کے حل کی امید لگا رہے ہیں۔ یہ وہی چہرے ہوتے ہیں جو ہر بار الیکشن کے موقع پر آتے ہیں اور پھر پانچ سال عیاشیوں میں گزارتے ہیں اور اپنی تجوریاں بھرتے ہیں۔ لوٹ مار کا بازار گرم کرتے ہیں اور غریب عوام کو بے یار و مددگار چھوڑ دیتے ہیں۔ ہر بار حکومت تو بدل جاتی ہے مگر نظام نہیں بدلتا، چہرے بدلنے سے نظام کبھی نہیں بدلے گا، چہرے بدلنے سے عوام کے مسائل کبھی حل نہیں ہوں گے۔ اس کے لئے اس کرپٹ سیاسی نظام کے خلاف بغاوت کرنا ہوگی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے قوم کو شعور دے دیا ہے کہ تبدیلی الیکشن کے ذریعے نہیں آئے گی بلکہ تبدیلی اس نظام سے ٹکرانے سے آئے گی۔ عوام ڈاکٹر طاہرالقادری کی نماز انقلاب میں شامل ہو کر ملک میں انقلاب کی راہ ہموار کریں تب ہی ملک کامقدر بدلے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top