عید الاضحی معاشرے کے پسے ہوئے استحصال زدہ طبقے کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنے کا درس دیتی ہے، ہدایت رسول قادری
فیصل آباد ( ) تحریک منہاج القرآن کے ضلعی امیر سید ہدایت رسول قادری نے کہا ہے کہ عید الاضحی معاشرے کے پسے ہوئے استحصال زدہ طبقے کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنے کا درس دیتی ہے، قوم مواخات کے عظیم رویوں کو زندہ کرے تاکہ محروم طبقات حقیقی خوشی سے مستفید ہو سکیں انہوں نے کہا کہ نفسانی خواہشات کے خلاف بندباندھنا ہر مسلمان کا فرض ہے اس عمل سے فلاحی رویے پھوٹتے ہیں اور معاشرے سے انتہا پسندانہ منفی رجحانات کے خاتمے میں مدد ملتی ہے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت پر عمل پیرا ہو کر مسلمانوں میں معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی تکلیف کا احساس اُجاگر ہوتا ہے جو معاشرے میں مثبت قدروں کا باعث بنتا ہے۔ پوری دنیا کے مسلمان حج اور قربانی کے فریضہ کو ادا کرکے دُنیا کو اتحاد و یکجہتی کا پیغام دیتے ہیں۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ انتشار و افتراق سے تائب ہو کر امت مسلمہ جسد واحد بن جائے تاکہ وہ کھویا ہوا عروج دوبارہ پا سکے۔ سید ہدایت رسول قادری نے کہا کہ مادیت پرستی کے اس دور میں قربانی کے فریضہ سے رہنمائی لے کر روحانی و اخلاقی قدروں کے فروغ کے لئے پوری اُمت کو تحریک ملتی ہے قربانی یہ فریضہ پوری انسانیت کو ایک دوسرے کی مدد کرنے کا عظیم پیغام بھی دیتا ہے۔
تبصرہ