دسمبر میں تاریخ ساز جلسہ اور جنوری میں لانگ مارچ کر کے اذان دی تھی، جماعت ہونا ابھی باقی ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری

ایک کروڑ نمازی تیار ہو جائیں گے تو اقامت کہہ کر کھڑے ہو جائینگے
جس دن جماعت قائم ہو گی باطل خس و خاشاک کی طرح بہہ جائے گا
کارکن جماعت کی تیاری کاکام تیزکردیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ دسمبر میں تاریخ ساز جلسہ اور جنوری میں لانگ مارچ کر کے اذان دی تھی، جماعت ہونا ابھی باقی ہے۔ موذن اذان دے کر جماعت کھڑی ہونے تک چپ رہتا ہے جب نمازی جمع ہو جاتے ہیں توجماعت کھڑی ہوجاتی ہے ہم جماعت کا انتظار کر رہے ہیں، بہت جلد نمازی صفیں باندھ لیں گے اور جماعت قائم ہوگی اس دن باطل خس و خاشاک کی طرح بہہ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چھوٹے چھوٹے نان ایشوز میں نہیں الجھنا چاہتے۔ ایک کروڑ نمازی تیار ہو جائیں گے تو اقامت کہہ کر کھڑے ہو جائینگے۔ اللہ کے فضل اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نسبت کے صدقے ہمارا عزم جوان ہے۔ پاکستان عوامی تحریک سنار کی ٹھک ٹھک پر یقین نہیں رکھتی، وقت آنے پر ایک ہی ضرب لگائیں گے۔ اسکے بعد ظلم و استبداد اور گمراہی کے بادل چھٹ جائیں گے۔ وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے ضلعی عہدیداران سے ٹیلی فونک گفتگو کر رہے تھے۔

اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنان میرا سرمایہ ہیں جو دن رات مصطفوی انقلاب کے مشن کی تکمیل کے لئے برسرپیکار ہیں، کارکن بلا کسی خوف و خطرے منزل کے حصول کے لئے جماعت کی تیاری کا کام تیز کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ فتنوں کے دور میں تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان استقامت کا پہاڑ بن کر کھڑے ہیں۔ مستقبل پاکستان عوامی تحریک کا ہے۔ نظام انتخاب کے خلاف شعور بیداری کی ملک گیر سطح اپنے پورے آب و تاب کے ساتھ چل رہی ہے۔ تحریک منہاج القرآن شرق سے غرب تک اسلام کا پیغام عقیدہ صحیحہ کے ساتھ عام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن اور تحریک منہاج القرآن لازم و ملزوم ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top