نظام کی تبدیلی کے لئے ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ نکلنے کے لئے تیار ہوں۔ شیخ رشید احمد
شیخ رشید احمد پارلیمنٹ میں عوام کی واحد آواز ہیں۔ خرم نواز گنڈاپور
پاکستان عوامی تحریک کرپشن فری پاکستان کے لئے تبدیلی چاہنے والی جماعتوں کے ساتھ مل
کر جدوجہد کریگی۔ سردار منصور خان
بلدیاتی انتخابات بھی اسی نظام کا تسلسل ہیں تبدیلی انقلاب سے ہی آئے گی
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے نظام کی تبدیلی کے لئے ان کے ساتھ نکلنے کے لئے تیارہوں۔ قوم کو جلد خوشخبری ملے گی اور استحصالی نظام کاخاتمہ ہوگا۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اس وقت پارلیمنٹ میں عوام کی آواز بن کر اپوزیشن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ نظام کی تبدیلی اور ملک سے ظلم، جبر، مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف مل کر جدوجہد کرنے اور آئندہ رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر بھی باہمی اتفاق رائے ہوگیاہے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ عوام خودکشیاں کر رہے ہیں اور حکمرانوں کے پاس نہ کوئی پالیسی ہے، نہ ویژن ہے نہ ہی ان کی نیت ہے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک اور عوامی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے ملاقات کے بعد میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ڈرون حملے حکمرانوں کی مرضی کے ساتھ ہو رہے ہیں۔ صدر اوبامہ کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم نے نہ ہی عافیہ کے مسئلے کو ڈسکس کیا اور نہ ہی ڈ رون کے متعلق بات ہوئی، بلکہ صرف شکیل آفریدی کی رہائی پر اتفاق کرلیاگیا ہے۔ اس لحاظ سے وزیراعظم کا دورہ امریکہ مکمل طورپر ناکام ثابت ہوا۔ یہ صرف فوٹو سیشن کے سوا اور کچھ نہیں تھا۔ وزیراعظم کا دورہ امریکہ ناکام ہونے پر بھی دونوں جماعتوں میں اتفاق رائے پایاگیا۔
اس موقع پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ قوم کو جلد خوشخبری ملے گی اور استحصالی نظام کاخاتمہ ہوگا، جس کے لئے پوری قوم کو نکلنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں ہماری خواہش ہے کہ تبدیلی چاہنے والی جماعتیں مل کر کرپٹ نظام کے خلاف جدوجہد کریں، تاکہ مسائل زدہ لوگوں کو مسائل کی زد میں سے نکالا جا سکے۔ اس موقع پر سردار منصور خان، ملک افضل، فاروق بٹ، غضنفر کھوکھر، ملک احسان محفوظ، ملک طاہر جاوید، علامہ حیدر علوی، انصار ملک، مصطفی خان اور غلام علی خان بھی موجودتھے۔
دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا کہ حکمران ڈلیور کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ عوام کو اپنے ساتھ ہونے والے ظلم کا بدلہ لینے کے لئے نکلناہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے قوم کو ایک نئی امیددی ہے ،اب وقت ہے کہ قوم تبدیلی کی لہر کے ساتھ کھڑی ہوجائے اور ملک سے کرپشن، ظلم، جبر، ناانصافی، مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لئے لٹیروں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں اور کرپٹ نظام کو زمین بوس کرنے کے لئے کمربستہ ہو جائیں۔ وہ وقت دور نہیں جب ملک میں حقیقی تبدیلی آئے گی غریب عوام کامقدر بدلے گا۔
سردار منصور خان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات بھی اسی نظام کا تسلسل ہیں۔ اسی الیکشن کمیشن کے تحت ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے نتائج بھی قومی انتخابات سے ملتے جلتے ہوں گے۔ پاکستان عوامی تحریک کرپشن فری پاکستان کے لئے تبدیلی چاہنے والی جماعتوں کے ساتھ مل کر جدوجہد کریگی اور قوم کو فرسودہ نظام سے نجات دلائے گی۔
تبصرہ