استحکام پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہو، حافظ غلام فرید

تحریک منہاج القرآن لاہور کے ناظم حافظ غلام فرید نے کہا ہے کہ استحکام پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہو، اپنے تمام تر اختلافات ختم کرکے پاکستان کی سلامتی اور بقا کے لیے اتحاد کا عملی مظاہرہ کرے، دشمن ہمیں پارہ پارہ کرنا چاہتا ہے، ہماری صفوں میں اتحاد دشمن کی موت ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن گلبرگ ٹاؤن کے عہدیداران سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف ہونا فطری عمل ہے آپس میں نفرت نہیں ہونی چاہیے کیونکہ ہم سب پاکستانی ہیں پاکستان کی مضبوطی اور عزت کے لیے اپنے سیاسی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح نہیں دینی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بحثیت قوم آپس میں پیار، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینا چاہیے یہی ہماری طاقت ہے اسی کے بل بوتے پر ہم ترقی کی منازل طے کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام امن، مساوات اور رواداری کا دین ہے ہمیں اسلام اور پیغمبراسلام کی تعلیمات سے روشنی حاصل کرنی چاہیے۔ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہونا چاہیے، کسی فردکو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ خواتین، بچوں اور پسی ہوئی عوام کی خدمت اور حقوق کا خیال رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ عوام متحد ہو کر ہر سطح پر جدوجہد کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top