لاہور: تحریک منہاج القرآن کینٹ ٹاؤن کے زیراہتمام سوشل میڈیا ٹریننگ کیمپ برائے رضاکاران

لاہور: تحریک منہاج القرآن کینٹ ٹاؤن اے کے زیراہتمام رضاکاران کے لئے سوشل میڈیا ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں 25 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ کیمپ کے مقاصد میں سوشل میڈیا کا مثبت اور بہترین استعمال، سوشل میڈیا پر عملی کام کے دوران احتیاطی تدابیر سے آگاہی اور سوشل میڈیا کو مصطفوی انقلاب کے لئے بہتر طریقے سے استعمال کرنا شامل تھا۔

اس کیمپ میں مرکزی سیکرٹریٹ سے ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبدالستار منہاجین، سوشل میڈیا ممبران محمد یامین مصطفوی اور سید شاہد حسین کاظمی نے شرکت کی۔ جبکہ تحریک منہاج القرآن کینٹ ٹاؤن اے کے سرپرست رانا محمد شکیل، صدر فاروق علوی، کوآرڈینیٹر منصور علوی اور دیگر احباب بھی اس موقع پر موجود تھے۔

کیمپ کا آغاز تلاوت کلام مجید اور درود و سلام سے ہوا، جس کے بعد منہاج القرآن یوتھ لیگ کینٹ ٹاؤن سے عقیل احمد رانا نے کیمپ میں شریک مہمانان گرامی کا تعارف کروایا اور کیمپ میں شرکت کرنے والے احباب کو خوش آمدید کہا۔

ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبدالستار منہاجین نے گفتگو کرتے ہوئے سب سے پہلے سوشل میڈیا کیمپ کے انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد دی اور اس کاوش کو نوجوان نسل کے لئے درست سمت میں رہنمائی کا ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا کا تفصیلی تعارف کروایا اور سوشل میڈیا کی موجودہ دور میں ضرورت و اہمیت کو نہایت احسن پیرائے میں بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اچھا کارکن اپنے لیڈر کا آئینہ دار ہوتا ہے، لہٰذا ہمیں بھی ویسا ہی بننا چاہیے جیسے ہمارے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہیں، لہٰذا سوشل میڈیا پر ہمارا رویہ اور انداز ایسا ہونا چاہیے جو انداز ہمارے لیڈر کا ہے، سوشل میڈیا پر ہمارے ہر عمل سے ان کا اچھا کارکن ہونا ثابت ہو۔

انہوں نے کیمپ کے شرکاء کو سوشل میڈیا پر تحریک کے پیغام کو فروغ دینے کے لئے نہایت مفید ٹپس بھی دیں، وطن عزیز پاکستان میں رائج کرپٹ نظام کے خلاف آواز بلند کرنے اور پاکستان میں حقیقی جمہوریت کے قیام کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے دیا جانے والا ایک کروڑ نمازیوں کا ٹارگٹ مکمل کرنے کے لئے ہدایات بھی دیں۔

مرکزی سوشل میڈیا ممبر محمد یامین مصطفوی نے نوجوانوں کو سوشل میڈیا کی خرافات اور منفی پہلوؤں سے باخبر کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر سے بھی باخبر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر غیر سنجیدہ رویہ، غیر اخلاقی پوسٹس، متنازعہ موضوعات اور وقت ضائع کرنے والی بحثوں سے بچنا ہمارے لئے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی اہمیت کو پہچانتے ہوئے سوشل میڈیا پر جتنا وقت صرف کریں اسے بہترین مقاصد کے لئے استعمال کریں۔

بعدازاں شرکاء کو سوشل میڈیا فورم کا تعارف بھی کروایا گیا اور شرکاء کی باہمی مشاورت سے عقیل احمد رانا کو کینٹ ٹاؤن اے کا کوآرڈینیٹر نامزد کیا گیا۔

آخر پر منتظمین نے سوشل میڈیا کیمپ میں مرکزی ٹیم کی شرکت اور رضاکاران کو دی جانے والی ہدایات پر شکریہ ادا کیا۔ کیمپ کا اختتام دعائے خیر سے ہوا اور کیمپ کے شرکاء کو ریفریشمنٹ کروائی گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top