علامہ محمد اقبال نے غربت کے مسئلے کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں بتایا۔ قاسم مرزا

واہ کینٹ ( ) علامہ اقبال نے 28 مئی 1937ء کو قائداعظم کو لکھے گئے ایک خط میں مسلمانوں کی غربت کے مسئلے کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں بتایا اوراس بات پر زور دیا کہ اگر اس نظام کو صحیح سمجھ کر نافذ کیا جائے تو اس میں ہر ایک کے لیے حق معاش محفوظ ہے۔ اسلام جو نظام دیتا ہے وہ مسلمانوں بلکہ تمام انسانیت کے معاشی مسئلے کا بہترین حل ہے۔ ان خیالات کا اظہار MSM کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری قاسم مرزا نے واہ کینٹ میں یوم اقبال کے سلسلے میں مصطفوی سٹوڈنٹس مومنٹ واہ کینٹ کے زیرِاہتمام اقبال اور امیدِ پاکستان طلباء کنونشن سے پنجاب کالج آف ایکسیلینس واہ کینٹ میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے قیام میں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے پہلے معاشی مسئلے کے حل کے طور پر مواخات مدینہ کی صورت کو وجود میں لایا۔

MSM مرکزی سینئر نائب صدر حنیف مصطفوی نے فلسفہ امام حسین علیہ السلام پر خطاب کیا اور انہوں نے بتایا کہ یزید اپنے وقت کا ڈکٹیٹر، کرپٹ، فاسق، فاجراور ظالم حکمران تھا اور وہ بیعت کی صورت میں عوام سے ووٹ لے رہا تھا اور آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا تربیت یافتہ امام حسین علیہ السلام سر تو کٹوا سکتا ہے لیکن ووٹ نہیں دے سکتاہے اور اس وقت پاکستان میں یزیدی نظام ہے جو عوام کے ووٹ سے قائم ہے۔ اس کو ووٹ دینے والے آج شرمندہ اور پچھتا رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی تربیت یافتہ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن نے حسینی کردار کو اپناتے ہوئے یزیدی نظام کو ووٹ نہیں دیا بلکہ قافلہ حسین علیہ السلام کی طرح باطل نظام کو للکارا۔

دیگر تحریکی خطابات کے علاوہ پنجاب کالج آف ایکسیلینس واہ کینٹ کے پرنسپل الحاج باوا محمد اکرم خان نے بھی فلسفہِ شہادتِ امام حسین علیہ السلام اور فلسفہ ِ فکر اقبال پر پرمغزخطاب کیا۔

تحریک منہاج القرآن واہ کینٹ کے صدر عین الحق بغدادی نے تمام مہمانوں کاشکریہ ادا کیا اور انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ملک کی بہتری اور تبدیلی کا راستہ صرف وہی ہے جو ڈاکٹر طاہرالقادری نے دکھایا ہے۔ آج ہر کوئی یہ کہنے، سوچنے پر مجبور کہ ڈاکٹر طاہر القادری ٹھیک کہتے تھے کیونکہ انقلاب ان کی ضرورت ہے جس کو دو وقت کی روٹی مشکل سے ملتی ہے ان سے ووٹ لینے والوں، محلوں، کوٹھیوں اورآسائشوں میں رہنے والوں کو انقلاب نہیں چاہیے اور یہ لوگ تو باطل اور یزیدی نظام کے محافظ ہیں۔

تقریب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا بذریعہ پروجیکٹر خصوصی خطاب بھی سنایا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ ظالم کے ظلم کے خلاف قوم نہیں اٹھی تو آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرمان کے مطابق اللہ کا عذاب سب کو اپنی لپٹ میں لے لے گا۔

اس موقع پر مصطفوی سٹوڈنٹ مومنٹ کے مرکزی سینئر نائب صدر حنیف مصطفوی، مصطفوی سٹوڈنٹ مومنٹ کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری قاسم مرزا، مصطفوی سٹوڈنٹ مومنٹ واہ کینٹ کے صدر احمد حسن، مصطفوی سٹوڈنٹ مومنٹ واہ کینٹ کے جنرل سیکرٹری معین الدین، تحریک منہاج القرآن واہ کینٹ کے صدرعین الحق بغدادی اور ناظم حاجی محمد لیاقت، ناظم ویلفئیر مقصود خان، ناظم نشر و اشاعت محمد یوسف بخشی، بشیر اعوان، ابو اسامہ، منہاج القرآن یوتھ لیگ کے جنرل سیکرٹری زاہد اسلم، کالج ہذا کے پرنسپل الحاج باوا محمد اکرم خان اور روزنامہ پردیس اور روزنامہ پاکستان کے تحصیل ٹیکسلا کے سٹاف رپورٹر مقصود خان بھی تقریب میں شامل تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top