منہاج القرآن علماء کونسل محرم الحرام میں ملک بھر میں 100 سے زائد پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنسز کا انعقاد کرے گی
معاشرے سے برائی، بے حیائی اور فسق وفجور کے خاتمے کے لیے حسینی
کردار اپنانے کی ترغیت دی جائے گی
سید فرحت حسین شاہ کی منہاج القرآن علماء کونسل کے ماہانہ اجلاس سے گفتگو
منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام محرم الحرام میں ملک بھر میں 100 سے زائد مساجد میں پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان کانفرنسز میں سید الشہداء امام عالی مقام حضرت سیدنا امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی کو سلام عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ فلسفہ شہادت امام حسین علیہ السلام کو اجاگر کیا جائے گا۔ ان اجتماعات میں معاشرے سے برائی، بے حیائی اور فسق وفجور کے خاتمے کے لیے حسینی کردار اپنانے کی ترغیت دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی ناظم منہاج القرآن علماء کونسل سید فرحت حسین شاہ نے منہاج القرآن علماء کونسل کے ماہانہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں منعقدہ کانفرنسز میں امام عالی مقام امام حسین علیہ السلام اور شہداء کربلا کے صبر و استقامت، دہشت گردی کی مذمت اور احترام انسانیت کے بنیادی خدوخال کو بیان کیا جائے گا۔ فرحت حسین نے کہا کہ شہداء کربلا نے اپنی زندگی اللہ کی بندگی، عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دینی اقدار کے احیاء میں بسر کی۔ امت مسلمہ کو جینے کا سلیقہ عطا کیا۔ آج بھی ہم اپنی باہمی نفرتوں اور تفرقہ بازی کو امام کربلا کی قربانی کے سبق سے ختم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کربلا مقام رضا پر فائز تھے، اس لیے ہر آزمائش اور امتحان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اسلام کی مٹتی ہوئی اقدار کو زندہ کیا۔ اس موقع پر مولانا محمد عثمان سیالوی، علامہ ممتاز حسین صدیقی اور میر آصف اکبر قادری بھی موجود تھے۔
تبصرہ