پاکستان کے یزیدی نظام سیاست کو حسینی کردار کے ذریعے ختم کرنا ہو گا۔ علامہ ارشاد حسین سعیدی

لودہراں ( ) محمدیت کی تکمیل حسینیت سے ہی ہے۔ حسین علیہ السلام کا محمد سے رشتہ نام کا، پیغام کا، ذات کا اور صفات کا ہے۔ غار حرا سے کربلا تک اسلام محمد سے پہچانا جاتا تھا۔ مگر کربلا سے قیامت تک دین اسلام کی پہچان حسین علیہ السلام ہیں۔ قربانی حسین نے انسانیت کو وہ عظمت بخشی کہ جس پر ہر انسان نازاں ہے۔ قرآن نے قتل حسین کو ذبح عظیم قرار دیا۔ ان خیالات کا اظہار شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے شاگرد رشید مفتی ارشاد حسین سعیدی نے تحریک منہاج القرآن کے زیراہتما م ماہانہ درس عرفان القرآن کی سلسلہ وار نشست میں پیغام حسین کے عنوان پر خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے مزید کہا پاکستان میں جاری نظام سیاست و انتخابات یزیدی ہے جسے حسینی کردار کے ذریعے ختم کرنا ہوگا۔ مجدد رواں صدی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری پیغام حسین کا علم اٹھا کر اس یزیدی نظام کو للکار چکے ہیں۔ قوم کے بچے بچے کو ڈاکٹر طاہر القادری کا دست و بازو بن کر میدان کربلا میں اترنا ہوگا تاکہ اس دور میں اسلام کی دی ہوئی روشنی کے ذریعے گری ہوئی انسانیت کو پھر سے سربلند کردیا جائے۔

اس موقع پر چودھری قمر عباس نے تحریک منہاج القرآن کا آئندہ کا لائحہ عمل بھی بیان کیا۔ صدر تحریک منہاج القرآن ملک اسلم حماد نے اذان انقلاب اور نماز انقلاب کے لیے جاری سرگرمیوں کا بھر پور احاطہ کیا۔ قاری عبدالقیوم غوری، ملک سلیم قادری، کاشف بشیر، اللہ دتہ مہروی نے امام عالی مقام کے حضور منقبت پیش کی، جبکہ پیر سید مدثر شاہ بخاری نے پروگرام کی نقابت کے فرائض سرانجام دیے۔

درس عرفان القرآن کی اس تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن رحیم طلب، پیر سید شفیق شاہ بخاری، ملک سلطان ، علامہ نواز قادری صدر آئمہ مساجد، قاری اسماعیل، دلشاد حسین، رانا سعید، ملک نازک آرائیں، قاری اصغر، قاری یٰسین، ملک احمد بخش، خواجہ رفیق صدیقی، رانا جمشید، اشرف سعیدی، شبیر صابری، صوبیدار راو یٰسین، علامہ نصیر بابر، رانا محمد ظاہر، راو اسحٰق، پروفیسر جہانزیب،اظہر لنگاہ ایڈووکیٹ ملک عابد جوئیہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اختتام پر اللہ کے حضور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top