حافظ محمد بلال شہید کی قل خوانی کی تقریب سے مفتی ارشاد حسین سعیدی کا خطاب

لودہراں ( ) شہید مشاہدہ حق سے سرفراز ہوتا ہے۔ اسی لیے اسے وصال حق نصیب ہوتا ہے۔ فلسفہ موت و حیات سمجھے بغیر مقصد تخلیق کائنات سمجھ نہیں آسکتا۔ ذات حقیقی نے وجود مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تمام مخلوقات سے پہلے تخلیق فرمایا اور موت و حیات کو بعد میں پیدا کیا۔ انسان جب تک ظاہری زندگی میں تعلیمات مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل پیرا نہیں ہوتا اسے حیات ابدی نصیب نہیں ہوسکتی۔ ان خیالات کا اظہار شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے شاگرد رشید عالمی مبلغ اسلام مفتی ارشاد حسین سعیدی نے وانا میں بارودی سرنگ کے پھٹ جانے سے شہید ہوجانے والے فوجی جوان نائیک حافظ محمد بلال شہید کی قل خوانی کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ملک پاکستان میں جاری فساد فی الارض کا مرتکب ہونے والے خوارج کو اپنے شہرہ آفاق فتویٰ کے ذریعے بے نقاب کیا اور پاک فوج کی دی جانے والی قربانیوں کو عین خدمت اسلام قرار دیا ہے۔ انہوں نے ملک میں جاری حالیہ بد امنی کی لہر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک قوم لٹیرے خاندانوں کے ہاتھوں سے عنان اقتدار چھین کر اہل قیادت کے ہاتھوں میں نہیں دیتی اس وقت تک پوری قوم پر عذاب مسلط رہے گا۔ اب قوم کو دہشت گردی، لوٹ مار، مہنگائی، گیس، بجلی لوڈ شیڈنگ، بد امنی پھیلانے والے عناصر کے خلاف اٹھنا ہوگا۔ اس موقع پر ہزاروں افراد نے فخرے لودہراں فوجی بلال شہید کی روح کو ایصال ثواب کے لیے قل خوانی میں شرکت کی۔

تحریک منہاج القرآن کے صدر ملک اسلم حماد، راو اسحق، چودھری عبدالغفار، ملک سلطان، سید نورالحسن شاہ، سید مدثر شاہ، ملک سیلم قادری، اظہر لنگاہ ایڈووکیٹ، ملک عابد جوئیہ، مرزا ارشد علی نادر بھٹی، مرزا اسلم، فوجی ظہور، اللہ دتہ مہروی، قاری عبدالقیوم غوری، ظفر آفتاب بھٹی، رانا عابد نواز، کاشف عکی ظفر، نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب کی نقابت کے فرائض رانا محمد ظاہر نے سرانجام دیے۔

شہید بلال کے والد گرامی حافظ حاجی محمد صادق نے اس موقع پر اپنے خطاب میں تمام شرکاء کو اپنے جواں سال بیٹے کو جام شہادت نوش کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ شہید کے بھائی قاری اقبال حبیب چشتی، قاری ذوالفقار القادری نے اس موقع پر کہا کہ ہمارے بھائی نے ہماری نسل کا نام روشن کردیا۔ اس موقع پر امیر اہل سنت ملتان ڈویژن پیر سید ظفر علی شاہ نے خصوصی دعا کروائی۔ انجمن تاجران کے عہدیداران حاجی ظہور بھٹی، مہدی حسن غوری، ملک حافظ شیر محمد، صدر مسلم لیگ طاہر امیر غوری کے علاوہ معزیزین اور عمائدین علاقہ نے بھر پور شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top