29 دسمبر سے ہوشرباء مہنگائی کے خلاف لاہور سے عوامی احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گا۔ ارشاد طاہر

زندہ دلان لاہور 29 دسمبر کو حکومت کو بتا دیں گے کہ ان کے اقتدار کے دنوں کی گنتی شروع ہو چکی ہے
وہ دن دور نہیں جب ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں انقلاب اس ملک کا مقدر بنے گا

تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر محمد ارشاد طاہر نے کہا ہے کہ رواں ماہ کے آخر میں ہوشرباء مہنگائی کے خلاف لاہور سے عوامی احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گا، جس میں ہزاروں خواتین اور مرد حضرات شرکت کریں گے اور ظالمانہ نظام کے خلاف سینہ سپر ہو کر سڑکوں کا رخ کریں گے۔ 29 دسمبر کو لاہور مستقبل قریب میں آنے والی تبدیلی کا گواہ بن جائے گا۔ عوامی شعور کی بیداری ہی ظالم حکمرانوں سے نجات کا بہترین راستہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں لاہور کے ٹاؤنز کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جبکہ اس موقع پرحافظ غلام فرید۔ حاجی عبد الخالق، حاجی اختر، سرور قادری، ثناء اللہ خان، اصغر ناز اور طارق الطاف بھی موجود تھے۔ ارشاد طاہر نے کہا کہ عوامی حکومت کے دعویدار غریبوں کو زندہ درگور کرنے پر تلے ہوئے ہیں اور اراکین اسمبلی خود عیا شانہ زندگی گزار رہے ہیں۔ غریب عوام مہنگائی کی دلدل میں گردن تک دھنسے ہوئے بے بسی کی زندگی گزارنے پر مجبور بنا دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زندہ دلان لاہور 29دسمبر کو حکومت کو بتا دیں گے کہ ان کے اقتدار کے دنوں کی گنتی شروع ہو چکی ہے اورقوم ثابت کر دے گی کہ وہ حقیقی تبدیلی کیلئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں انقلاب اس ملک کا مقدر بنے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top