قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کا پاکستان سیاستدانوں کی سیاست کی بھینٹ چڑھ رہا ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری

29 دسمبر کو قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے پاکستان کی تکمیل کی جدوجہد کا آغاز ہو گا
اہل لاہور 29 دسمبر کو لاہور کی سڑکوں پر وہ نظارہ دکھا دیں کہ قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کی روح خوش ہو جائے
ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کے 137 ویں یوم ولادت کے موقع پر قوم کے نام پیغام

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کے 137 ویں یوم ولادت کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ قائد کے پاکستان کے باسی کرپٹ اور استحصالی نظام کے باعث چند خاندانوں کے ہاتھوں غلام بنے ہوئے ہیں۔ آج غلامی کی زنجیروں کو قومی شعور سے توڑنے کا عہد کرنا ہو گا۔ قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کا پاکستان سیاستدانوں کی سیاست کی بھینٹ چڑھ رہا ہے اس لئے نظریاتی ریاست کو بچانے کیلئے عوام کو مفاد پرستانہ سیاست کے خلاف سڑکوں پر نکلنا ہو گا۔ قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے پاکستان میں سرمایہ داریت، جاگیرداریت اور موروثیت کی قطعاً گنجائش نہ تھی مگر بدقسمتی کہ آج ان طبقات نے پورے معاشرے کو آکٹوپس کی طرح جکڑ رکھا ہے۔ آج ووٹ کے تقدس کو پامال کر دیا گیا۔ مجبوریت کو جمہوریت کا نام دے کر غریب عوام کا بدترین استحصال کیا جا رہا ہے۔ آئین کی روح کو مسخ کر کے آمریت کو جمہوریت کا نام دے دیا گیا ہے۔ آئینی ترامیم کے ذریعے قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے پاکستان کو مفاد پرست طبقے کی لوٹ مار کی نظر کر دیا گیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک اس ظلم کے خلاف سینہ سپر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو ملک بچانے کیلئے پرامن جدوجہد کرنا ہو گی۔ پاکستان عوامی تحریک قائد کے ویژن کے مطابق پاکستان کا استحکام اور ترقی چاہتی ہے۔ پاکستانیوں کواپنا حق لینے کیلئے گھروں سے نکلنا ہو گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا مقصد قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کی جدید اسلامی فلاحی ریاست کا قیام ہے اس کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔ 29 دسمبر کو قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے پاکستان کی تکمیل کی جدوجہد کا آغاز ہو گا اور بہت جلد جماعت انقلاب کی کال دے کر اس مقصد کو حاصل کر لیا جائے گا۔ اہل لاہور 29 دسمبر کو لاہور کی سڑکوں پر وہ نظارہ دکھا دیں کہ قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کی روح خوش ہو جائے۔ بدترین کرپشن اور مہنگائی کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کی ریلی سبز انقلاب کا نقطہ آغاز ثابت ہو گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top