لاہور: کالج آف شریعہ (فائنل ایئر) کے طلبہ کے زیراہتمام شیخ الحدیث علامہ محمد معراج الاسلام کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز منہاج یونیورسٹی لاہور کے فائنل ایئر کے طلبہ نے شیخ الحدیث علامہ محمد معراج الاسلام کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا جس کی صدارت محترم پروفیسر محمد صادق قریشی (وائس پرنسپل تربیت) نے کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز صحیفہ انقلاب کی آیات بینات سے کیا گیا جس کی سعادت قاری عاطف بشیر نے حاصل کی، بعد ازاں تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں معروف ثناء خواں سید عبد الرؤف شاہ بخاری (پرنسپل پنجاب گروپ آف کالجز دنیا پور برانچ) اور رضوان ولایت نے گلہائے عقیدت نچھاور کیے۔ اس موقع پر مفتی اعظم منہاج القرآن محترم مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، شیخ اللغہ والادب محترم پروفیسر محمد نواز ظفر چشتی، محترم پروفیسر ڈاکٹر عبد الرشید قادری، محترم وقار الاسلام اور محترم قاری اللہ بخش جاوید نے شرکت کی۔ تقریب میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض میاں غلام ربانی (سابق صدر بزم منہاج)نے سرانجام دیے۔

اس موقع پر شیخ الحدیث محترم علامہ محمد معراج الاسلام نے طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے فرمایا کہ طلبہ کی محبت اور وفاداری مجھے زندگی بھر یاد رہے گی اور یہ سلسلہ تا قیام قیامت جاری وساری رہے گا۔ انہوں نے فرمایا کہ جس کی نسبت قادری ہے تو حضور غوث اعظم کی ضمانت سے وہ اس دنیا سے حالت ایمان میں رخصت ہو گا۔ انہوں نے مزید فرمایا کہ جو طالب علم علم کی راہ میں خلوص نیت سے محنت کرتا ہے اللہ تعالی اس کے لیے دنیا وآخرت کے سارے راستے آسان کر دیتا ہے لہذا طلبہ کو چاہیے کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو علم کے حصول میں صرف کر دیں۔

اختتام پر کلاس فائنل ایئر کی جانب سے شیخ الحدیث محترم علامہ محمد معراج الاسلام کو تحائف پیش کیے گئے اور اللہ کے حضور ملک وقوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top