پُر امن عوامی احتجاج کو روکا تو حکمران اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماریں گے: ڈاکٹر طاہر القادری

میرا راستہ پر امن انقلاب ہے۔ اقتدار عوام کو منتقل کریں گے خواہ جام شہادت نوش کرنا پڑے
قومی اداروں کو کوڑیوں کے بھاؤ فروخت کرنے پر سپریم کورٹ نوٹس لے
اصل آمدن چھپانے اور ٹیکس ادا نہ کرنے پر ارکان پارلیمنٹ کو برطرف کیا جائے
قائد پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری کی مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس

پر امن عوامی احتجاج کو روکا تو حکمران اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماریں گے۔ گھناؤنی کرپشن، بیروزگاری اور مایوس کن طرز حکمرانی کے خلاف قوم کو بیدار کر رہے ہیں۔ میرا راستہ پر امن انقلاب ہے۔ اقتدار عوام کو منتقل کریں گے خواہ جام شہادت نوش کرنا پڑے۔ قومی اداروں کو من پسند افراد اور خاندان کے ہاتھ کوڑیوں کے بھاؤ فروخت کرنے پر سپریم کورٹ نوٹس لے۔ اصل آمدن چھپانے اور ٹیکس ادا نہ کرنے پر ارکان پارلیمنٹ کو برطرف کیا جائے۔ اس وقت پارلیمنٹ میں دو تہائی ارکان نے کاغذات نامزدگی میں غلط معلومات فراہم کرنے کا جرم کیا ہے۔ اپنی اصل آمدن کو چھپایا اور ٹیکس ادا نہ کرنے پر پاکستانی قوانین، ٹیکس آرڈیننس اور انتخابی قوانین کے جرم کے مرتکب ہو نے والے وزیر اعظم، وزراء اور دیگر ارکان پارلیمنٹ کو برطرف کر کے دو دو سال کی قید کی سزا دی جائے۔ گذشتہ روز قائد پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ویڈیو لنک کے ذریعے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار اور قومی وسائل پر ایک ہی خاندان کے چند افراد قابض ہیں جو قومی اداروں کو کوڑیوں کے بھاؤ فروخت کر کے اپنی تجوریاں بھرنا چاہتے ہیں۔ عدالت عظمیٰ کو ایک آزاد کمیشن تشکیل دے کراس کو روکنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کا واویلا کرنے والے بتائیں کہ پاکستان میں جمہوریت ہے کہاں؟ ان کرپٹ حکمرانوں کے نزدیک دھن، دھونس اور دھاندلی کا نام جمہوریت ہے جبکہ حقیقی جمہوریت میں احتساب، شفافیت اور معلومات کی رسائی ہوتی ہے۔ پاکستان میں جمہوریت حقیقت میں بد ترین آمریت ہے۔ وزیر اعظم اپنے 13 غیر ملکی دوروں کے بارے عوام کو حقائق بتائیں کہ ان دوروں میں پاکستان اور عوام کیا فائدہ ہوا ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ حکمرانوں نے ایک ہزار ارب روپے کے نوٹ چھاپ کر مہنگائی کو آسمان تک پہنچا دیا ہے جس سے بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے انتخابی اصلاحات کیلئے جدوجہد کی تھی جس کیلئے عدالت عظمیٰ کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا تھا لیکن اب نظام کو چیلنج کیا ہے۔ اس کو بدلنے کیلئے عوامی عدالت میں جائینگے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انقلاب کیلئے مرحلہ وار جدوجہد جاری ہے۔ میرا اثاثہ میرے کارکن ہیں، مناسب وقت پر جب پاکستان آؤنگا تو کرپٹ حکمرانوں کا کھیل ختم ہو چکا ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top