عوام دشمن نظام اور نام نہاد جمہوریت مسائل کا حل نہیں۔ خرم نواز گنڈا پور

مسائل کا حل صرف اور صرف انقلاب میں ہے
حکومت اپنی رٹ قائم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے
سرمایہ دار، وڈیرے، ٹیکس چور اور جاگیردار اقتدار سنبھالتے ہی غریب عوام کے مسائل کو بھول جاتے ہیں

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ جس نظام انتخاب نے پچھلے 66 سالوں سے اب تک ہمارے پاؤں کو زنجیروں سے جکڑ رکھا ہے اس بے ہودہ اور فرسودہ نظام انتخاب کے ذریعے صرف سرمایہ دار، وڈیرے، ٹیکس چور اور جاگیردار ہی اقتدار میں آتے ہیں اور اقتدار سنبھالتے ہی اپنے وعدوں اور غریب عوام کے مسائل کو بھول جاتے ہیں۔ اقتدار پر قابض لوگ اپنے ذاتی مفادات کے پجاری بن کر کرپشن اور لوٹ مار کا وہ بازار گرم کرتے ہیں کہ الامان الحفیظ۔ موجودہ نام نہاد جمہوری حکومت کی اب تک کی کارکردگی دیکھی جائے تو عوام پر روز روشن کی طرح عیاں ہو چکا ہے کہ حکومت اپنی رٹ قائم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ قتل وغارت گری، بے روزگاری اور دہشت گردی بڑھتی جا رہی ہے، کرپشن کے نئے نئے طریقے وضع کیے جا رہے ہیں۔ کرپشن کے مکروہ دھندے کو قانونی تحفظ دینے کیلئے پچاس ارب کی سرمایہ کاری کرنے والوں کا احتساب روک دیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جی ایم ملک، جواد حامد، میاں زاہد اسلام، قاضی فیض، ساجد بھٹی، بشارت جسپال اور چوہدری افضل گجر بھی موجود تھے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ مہنگائی بے قابو ہوتی جا رہی ہے، ایک طرف بجلی کی بندش ہے جبکہ دوسری طرف گیس کی لوڈ شیڈنگ ہے جس کی وجہ سے غریبوں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آ چکی ہے، غریب عوام کی زندگی جہنم بن چکی ہے۔ حکومت عوام کو روزگار اور عدل و انصاف دینے کی بجائے خود کشی اور جرائم پر مجبور کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ عوام دشمن نظام اور نام نہاد جمہوریت مسائل کا حل نہیں بلکہ مسائل کا حل صرف اور صرف انقلاب میں ہے۔ جس کیلئے عوام خود کو حالات کے جبر کے حوالے کرنے کی بجائے سینہ سپر ہو کر اس ظالمانہ نظام کے خلاف سڑکوں کا رخ کریں اور سراپا احتجاج بنیں۔ یہ نظام ہی عوام کا اصل دشمن ہے جس نے 66 سالوں سے عوام کو اپنے پنجوں میں دبوچ رکھا ہے۔ پاکستانی نظام انتخاب عوام دوست نہیں بلکہ عوام دشمن ہے جس میں غریب دو وقت کی روٹی کو ترس رہا ہے۔ عوام الناس کرپٹ اور ظالمانہ نظام انتخاب و سیاست کی تبدیلی، انسانی حقوق کے تحفظ، کرپشن کے خاتمے، بدامنی، دہشت گردی اور بجلی وگیس کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمے کیلئے پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top