چودھری اسلم دلیر افسر تھے، شہادت بڑا سانحہ ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کراچی میں پولیس افسر چودھری اسلم اور اہلکاروں کی گاڑی پر بم حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چودھری اسلم دلیر افسر تھے انکی دیگر پولیس اہلکاروں کے ساتھ شہادت بڑا سانحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کروڑوں عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ٹھوس پالیسی بنا کر فوراً عمل درآمد کی ضرورت ہے۔ آگ اور خون کا کھیل کھیلنے والے سفاک درندے انسانیت کے ماتھے پر بدنما داغ ہیں۔ چودھری اسلم جیسے بہادر اور فرض شناس آفیسرز کی شہادت جیسے واقعات حکومت کی کھلی ناکامی ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام کے تحت تشکیل پانے والی پارلیمنٹ کی اب تک کی کارکردگی عوام سے جینے کا حق بھی چھین چکی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام دہشت گردوں کے ہاتھوں مرنے کی بجائے موجودہ نظام کو موت دینے کیلئے اپنے کردار کو پہچانیں۔ اجتماعی شعور سے ہی ملک میں خوشحالی اور امن کا سورج طلوع ہو سکے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top