عالمی میلاد کانفرنس میں اتحاد امت کے عملی مظاہرہ کے ساتھ ساتھ بین المذاہب رواداری کو بھی فروغ ملے گا۔ عمر ریاض عباسی

30 ویں سالانہ عالمی محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت ملک کے 300 شہروں میں منعقد ہوگی
مرکزی پروگرام بھارت کے شہر بنگلور میں ہوگا، جس سے ڈاکٹر طاہرالقادری بذریعہ وڈیولنک خطاب کریں گے

تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام ہونے والی عالمی محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس ا پنی نوعیت کا منفرد پروگرام ہوگا جس میں اتحاد امت کا عملی مظاہرہ نظر آئے گا اور بین المذاہب ہم آہنگی کو بھی فروغ ملے گا۔ عالمی محفل میلاد کا مرکزی پروگرام بھارت کے شہر بنگلور میں ہوگا جبکہ پاکستان میں بیک وقت 300 سے زائد شہروں میں محافل میلاد کے پروگرام منعقد ہوں گے، اسلام آباد کنونشن سنٹر میں بھی محفل میلاد کا بڑا پروگرام منعقد ہوگا جن سے ڈاکٹر طاہرالقادری بذریعہ وڈیولنک خطاب کریں گے۔ انتظامیہ کی طرف سے کنونشن سنٹر میں محفل میلاد کے انعقاد کی اجازت مل چکی ہے، تحریک منہاج القرآن کی محفل میلاد کے انتظامات کے حوالے سے تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ مختلف سیاسی، مذہبی وسماجی شخصیات کو دعوت دی جا رہی ہے۔ محفل میلاد میں 10 سے زائد قومی سطح کے نعت خواں آ رہے ہیں جبکہ مشائخ وعلماء کرام کی بڑی تعداد بھی شریک ہوگی۔ موجودہ حالات میں ملک کو درپیش چیلنجز کاسامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لئے ہمیں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات کو مرکز ومحور بنانا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار عمر ریاض عباسی نے عالمی میلاد کانفرنس کی انتظامی کمیٹی کے ممبران، ا برار رضا ایڈووکیٹ، اشتیاق میر ایڈووکیٹ، محمد حفیظ، راجہ منیر اعجاز، مصطفی خان اور غلام علی خان کے ہمراہ عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام دنیا کی سب سے بڑی عالمی محفل میلاد جو گزشتہ 29 سالوں سے مینار پاکستان پر منعقد ہوتی تھی، جو کہ اس بار بھار ت کے شہر بنگلور میں منعقد ہوگی، جس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری بذریعہ وڈیو لنک خصوصی خطاب کریں گے۔ جبکہ پاکستان عالمی محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کے حوالے سے اسلام آباد، راولپنڈی لاہور سمیت ملک کے 300 شہروں میں پروگرام منعقد ہوں گے۔

 کنونشن سنٹر میں ہونے والی محفل میلاد میں ہزاروں مرد، خواتین، نوجوان، بچے، بوڑھے، طلبہ و طالبات اور عوام الناس بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ سیکورٹی کے انتظامات کے لیے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوانوں پر مشتمل سکواڈ بھی اپنی خدمات سر انجام دے گا۔ میلاد کا سماں پیدا کرنے کیلئے عوام الناس کو بھی اس مہم میں شامل کیا جا رہا ہے۔ میلاد کانفرنس کی تشہیر کیلئے مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ بھی لگائے جائینگے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top