عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں مکمل، شیخ الاسلام کا خطاب لاہور سمیت 250 شہروں میں بیک وقت ویڈیو لنک کے ذریعے سنا جائے گا

ڈاکٹر طاہر القادری کا خطاب بنگلور انڈیا میں ہونے والی میلاد کانفرنس میں بھی براہ راست سنا جائے گا
عالم اسلام کی سب سے بڑی میلاد کانفرنس میں ہزاروں خواتین بھی شرکت کریں گی

تحریک منہاج القرآن کی 30ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس آج (سوموار) مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ہو گی، تیاریاں مکمل ہو گئیں۔ کانفرنس میں صرف اہلیان لاہور لاکھوں کی تعداد میں شرکت کریں گے۔ اسکے علاوہ وطن عزیز کے 250 شہروں میں ہونے والے تحریک منہاج القرآن کے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اجتماعات میں ہر جگہ ہزاروں مرد و خواتین شرکت کر کے آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا اظہار کریں گے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کینیڈا سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے، انکا خطاب بیک وقت لاہور اور پاکستان کے 250 شہروں میں براہ راست سنا جائے گا اس کیلئے ہر شہر میں بڑی بڑی سکرینوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ بنگلور میں تحریک منہاج القرآن انڈیا کے زیر اہتمام بھارتی تاریخ کا میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سب سے بڑا اجتماع ہو گا جس میں لاکھوں عشاقان مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شریک ہوں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا خطاب بنگلور میں ویڈیو لنک کے ذریعے براہ راست سُنا جائے گا۔ میلاد کی رات ہر سال کی طر ح امسال بھی مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ضیافت میلاد کا اہتمام کیا جائے گا۔ 7 بجے سے 9 بجے تک ہر خاص و عام کے لئے کھانے کا وافر اہتمام ہوگا۔ مینار پاکستان میں آج ہونیوالی عالمی میلاد کانفرنس کی صدارت صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار سربراہ عالمی میلاد کانفرنس شیخ زاہد فیاض، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور اور سیکرٹری جواد حامد نے مینار پاکستان کے سائے تلے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شمیم نمبردار، قاضی فیض الاسلام، عاقل ملک، ارشاد طاہر، غلام فرید، عمران شوکت، محمد الیاس، الیاس ڈوگر، شعیب طاہر، عرفان یوسف، میر آصف اکبر، امجد حسین شاہ، اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔

شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس عالم اسلام کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔ اندرون ملک اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آبادحافظ آباد، ، گوجرانوالا، سیالکوٹ، ملتان، جھنگ، سرگودھا، پاکپتن، بہاولپور، حویلی لکھا، گجرات، منڈی بہاؤالدین، کمالیہ، گوجرہ، بھلوال، میانوالی، خوشاب، خانپور، تلہ گنگ، چوآسیدن شاہ، اٹک، حسن ابدال، فتح جنگ، پھالیہ، کوٹ چھٹہ، مظفر گڑھ، سرائے عالمگیر، میر پور، بھمبر، کوٹلی، کھپرو، میر پور خاص، شہداد پور، گھوٹکی، لاڑکانہ، جیکب آباد، جعفر آباد، کوئٹہ، سبی اور ڈیرہ بگٹی سمیت 250 شہروں میں اجتماعات میلاد ہوں گے۔ عالمی میلاد کانفرنس میں پوری اسلامی دنیا سے نمائندگی کیلئے سکالرز اور مشائخ شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ایمان کی متاع ہے اور تحریک منہا ج القرآن عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عام کرنے کیلئے گزشتہ 30 سالوں سے محنت کررہی ہے۔ مینار پاکستان کا گراؤنڈ ہر سال لاکھوں عشاقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو دامن میں سمیٹ کر گواہ ہوتا ہے کہ یہاں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن منا کر امت مسلمہ کے لاکھوں مسلمان اپنے ایمان کو تقویت دیتے ہیں اور پورا سال ان کا دل محبت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیلئے دھڑکتا رہتا ہے۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی ابتر صورتحال کے پیش نظرمنہاج القرآن یوتھ لیگ کے 2000 نوجوان سیکیورٹی کی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ جب کہ انتظامیہ کی طرف سے بھی ہمیشہ کی طرح سیکیورٹی کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں مصر، دیگر عرب ممالک اور وطن عزیز کے نامور قراء اور نعت خواں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔ پاکستان بھر سے جید علماء و مشائخ عظام، مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے قائدین، سماجی رہنما، تاجر برادری وکلا برادری، طلباء تنظیموں کے قائدین عالمی میلاد کانفرنس کے سٹیج پر موجود ہوں گے۔ پنڈال کے اند ر اور ملحقہ سڑکوں پر دیو قامت جدید ڈجیٹل سکرینوں کے ذریعے سٹیج کی کارروائی کو براہ راست دکھایا جائے گا۔ نجی ٹی وی عالمی میلاد کانفرنس کی کارروائی کو براہ راست پوری دنیا میں نشر کرئے گا۔ منہاج القرآن کی ویب سائٹس پر کانفرنس کی کارروائی کو براہ راست دکھایا جائے گا۔ اس طرح بالواسطہ طور پر کانفرنس میں کروڑوں عشاقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شامل ہو کر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی محبت کا اظہار کریں گے۔

سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود اور حلقہ ہائے درود میں پڑھا جانے والا درود بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں پیش کیا جائے گا اور ملک وقوم کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ساؤنڈ سسٹم مینار پاکستان کے ساتھ ملحقہ سڑکوں تک پہنچا دیا جائے گا تاکہ پنڈال کے باہر ہزاروں افراد تک آواز باآسانی پہنچتی رہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس میں صرف لاہور سے لاکھوں افراد شرکت کریں گے۔ میلاد کا سماں پیدا کرنے کیلئے عوام الناس کو بھی اس مہم میں شامل کیا گیا ہے۔ لوگوں کو اس موقع پر اپنے گھروں پر چراغاں کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ منہاج القرآن کے مرکزی قائدین نے پاکستان بھر میں عوامی رابطہ مہم کا آغاز رکھاہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور مرد حضرات کیلئے الگ الگ پنڈال بنائے جائیں گے۔ ملک کے دیگر شہروں سے لاہور میں داخل ہونے والے قافلو ں کی رہنمائی کیلئے مختلف راستوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top