آج ایمان کے تن مردہ میں جان فقط محبت الہی اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہی پیدا کی جا سکتی ہے۔ علامہ مجید نوری
امت مسلمہ کی زبوں حالی کی وجہ محبت الہی اور عشق رسول صلی اللہ
علیہ وآلہ وسلم سے دوری ہے
تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جلوس
میں شرکاء سے خطاب
آج ایمان کے تن مردہ میں جان صرف اور صرف محبت الہی اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہی پیدا کی جا سکتی ہے۔ محبت الہی کا راز اتباع رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہی مضمر ہے۔ تحریک منہاج القرآن اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ امت مسلمہ کے ٹوٹے ہوئے تعلق کو پھر سے بحال کرنا چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار علامہ مجید نوری نے تحریک منہاج القرآن ضلع پشاور کے زیراہتمام گزشتہ روز نکلنے والے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جلوس میں کیا۔ جلوس جامع مسجد غوثیہ خضری سے نکلا اور اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے غلہ منڈی چوک لیاقت باغ میں اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کی قیادت صوبائی صدر پاکستان عوامی تحریک خالد محمود درانی، ڈویژنل امیر تحریک منہاج القرآن پشاور ڈویژن صوفی عبد الطیف، صوبائی رہنما سید امداد علی شاہ، ضلعی امیر منہاج القرآن پشاور علامہ عبدالشکور، ضلعی ناظم پشاور دلدار قادری اور جید علمائے کرام نے کی۔ اس جلوس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں نوجوانوں اور بزرگوں نے حصہ لیا۔ جلوس کے اختتام پر سید امداد علی شاہ نے دعا فرمائی۔
تبصرہ