عالمی میلاد کانفرنس میں شدید سردی کے باوجود اہل لاہور نے لاکھوں کی تعداد میں شرکت کی

بنگلور انڈیا اور پاکستان کے 250 شہروں میں ہونے والی میلاد کانفرنسز میں مجموعی طور پر ملینز افراد نے شرکت کی
کانفرنس کی صدارت ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے کی، سٹیج پر آنے پر انکا پرتپاک استقبال کیا گیا

شدید سردی کے باوجود کھلے آسمان تلے مینار پاکستان کے سبزہ زار میں صرف لاہور شہرسے لاکھوں عشاق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عالم اسلام کی سب سے بڑی 30ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کر کے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہد وفا کیا۔ امسال یہ کانفرنس اس لحاظ سے تاریخی بن گئی کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے والہانہ عشق کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام پورے ملک کے 250 شہروں میں ہونے والی میلاد کانفرنسز کے ذریعے کیا گیا جن میں ہر جگہ ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ انڈیا کے شہر بنگلور میں منہاج القرآن انٹرنیشنل انڈیا کے زیراہتمام میلاد کانفرنس میں بھی لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ اس طرح مجموعی طور پر ملینز افراد نے تحریک منہاج القرآن کے تحت ہونے والی میلاد کانفرنسز میں شرکت کی۔ نجی ٹی وی اور منہاج ٹی وی کے ذریعے بالواسطہ طور پر پوری دنیا سے کروڑوں عشاقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شرکت کر کے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ مینار پاکستان کی عالمی میلاد کانفرنس میں 70 ہزار سے زائد خواتین نے بچوں سمیت شرکت کی۔

عالمی میلاد کانفرنس کی صدارت تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے کی وہ سربراہ میلاد کانفرنس شیخ زاہد فیاض ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور اور سیکرٹری جواد حامدکے ہمراہ سٹیج پر آئے تو پنڈال میں موجود جم غفیر نے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا۔ ملک بھر سے نامور مشائخ عظام اور علمائے کرام کثیر تعداد میں موجود تھے۔ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ مینار پاکستان گراؤنڈ اور سٹیج کو برقی قمقموں، غباروں، پھولوں کے گجروں اور دیگر آرائشی سازوسامان سے دلہن کی طرح سجایا گیا تھا۔ آخری اطلاعات آنے تک نعت خوانی کا سلسلہ جاری تھا اور پورے پنڈال میں دل میں اسم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی جھنڈیاں جوش و خروش سے لہرائی جا رہی تھیں اور تا حد نگاہ انسانی سروں کی فصل اگی ہوئی تھی۔ مینار پاکستان کی عالمی میلاد کانفرنس میں مسیحی، سکھ، ہندو اور دیگر غیر مسلم رہنماؤں نے بھی خصوصی شرکت کی۔ ملک میں امن و امان کی ابتر صورتحال کے پیش نظر منہاج القرآن یوتھ لیگ کے 2000 نوجوان اور 500 خواتین سیکیورٹی کی ڈیوٹی پر مامور تھے۔ کانفرنس میں مصر، عرب ممالک اور وطن عزیز کے نامو ر قراء اور نعت خوانوں نے آقائے دوجہاں کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ پاکستان بھر سے جید علماء و مشائخ عظام، مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے قائدین، سماجی رہنما، تاجر برادری وکلا برادری، طلباء تنظیموں کے قائدین عالمی میلاد کانفرنس کے سٹیج پر موجود تھے۔ پنڈال کے اندر اور ملحقہ سڑکوں پر دیو قامت جدید ڈیجیٹل سکرینوں کے ذریعے سٹیج کی کارروائی کو براہ راست دکھانے کا انتظام تھا۔ ساؤنڈ سسٹم مینار پاکستان کے ساتھ ملحقہ سڑکوں تک پہنچا دیا گیا جس سے پنڈال کے باہر ہزاروں افراد تک آواز باآسانی پہنچتی رہی۔ منہاج القرآن کی ویب سائٹس پر میلادکانفرنسز کی کارروائی کو براہ راست دکھایا گیا۔ تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود اور حلقہ ہائے درود میں پڑھا جانے والا درود بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں پیش کیا گیا اور ملک وقوم کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top