ناروے: منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام پہلی سالانہ میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس

منہاج القرآن ویمن لیگ ناروے کے زیراہتمام 11 جنوری بروز ہفتہ پہلی سالانہ میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد عظیم الشان انداز میں کیاگیا۔ کانفرنس میں ناروے کے مختلف شہروں سے کثیر تعداد میں خواتین اور بچیوں نے شرکت کی۔

کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام الہی سے ہوا جس کی سعادت وجہیہ خان نے حاصل کی۔ اس کے بعد منہاج سسٹرزکی شیما نعت کونسل، منہاج سسٹرز درامن، محترمہ نجمہ ساجد، محترمہ فاطمہ خان، حلیمہ مختار، محترمہ ساجدہ بخاری، محترمہ فوزیہ، محترمہ حراء خان اور اقراء مشتاق خان نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت نعت کی صورت میں پیش کیے۔ محترمہ عائشہ اقبال خان صدر منہاج القرآن ویمن لیگ نےاستقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اتنی بڑ ی تعداد میں خواتین اور بچیوں کی شرکت پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور درود پاک کی برکات و اہمیت پر خصوصی گفتگو کی۔ منہاج القرآن ویمن لیگ ناروے کی حلقہ درود گروپ کی بہنوں محترمہ ڈاکٹر نازیہ بتول، محترمہ چاندبی بی صائمہ اور محترمہ طیبہ توصیف نے نہایت احسن انداز میں حلقہ درود کا انعقاد کروایا جس میں تمام خواتین اور بچیوں نے ذوق و شوق کی کیفیت میں درود پاک پڑھا۔ انہوں نے خواتین کو اپنے گھروں میں حلقہ درود کے انعقاد کی دعوت دی اور حلقہ درود کے طریقہ کار کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ محترمہ شفقت پروین ممبر منھاج القرآن ویمن لیگ ناروے نے نقابت کے فرائض بخوبی سر انجام دیئے۔

محترمہ طاہرہ فردوس فاضلہ منہاج یونیورسٹی لاہور نے عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایمان کی بنیاد پر تفصیلی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایمان کی بنیاد عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔ ایمان کو مضبوط کرنے کے لیے ہمیں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ تعلق عشق کی ضرورت ہے اور یہ تعلق حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام کے ذریعے مضبوط ہو سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا خمیر ہی عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے اور بانی تحریک پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی ساری زندگی عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کےفروغ کے لئے وقف ہے۔ محترمہ اقراء اعجاز نائب صدر منہاج سسٹرز نے پروجیکٹر کے ذریعے محترمہ طاہرہ فردوس کے خطاب کا حسن انداز میں نارویحن زبان میں ترجمہ کیا۔ منھاج القرآن ویمن لیگ ناروے نے میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشی میں کیک کاٹا اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ درود و سلام پیش کیا۔ کانفرنس کا اختتام محتر مہ طاہرہ فردوس کی دلسوز دعا سے سے ہوا۔

شرکاء کانفرنس کے لئے ضیافت میلاد کا بہترین اِنتظام تھا۔ میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کے بہترین نظم ونسق کے لیے محترمہ عائشہ اقبال خان صدر منہاج القرآن ویمن لیگ ناروےنے خصوصی کاوشیں کی اور اُن کے ساتھ محترمہ فاریہ اصغر، محترمہ تسمیعہ شفیع، محترمہ نائلہ اصغر، محترمہ عائشہ نثار، محترمہ امبر خان اور محترمہ رافعہ روف نے خصوصی تعاون کیا۔محترم محمداصغر نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے اور محترم خانزادہ طاہرنے اِنتظامی معاملات میں خصوصی تعاون کیا۔ منھاج القرآن ویمن لیگ ناروے نے تمام معاونین کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہوئے خصوصی شکریہ ادا کیا۔

رپورٹ۔ قیصر محمود

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top