ایکسپریس نیوز کے صحافیوں کا سفاکانہ قتل آزادی صحافت پر براہ راست حملہ ہے۔

ایک بار پھر واضح ہوگیا کہ مرکز اور صوبوں میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ قاضی فیض الاسلام
اندوہناک واقعہ کے بعد پاکستان کے غیر محفوظ ریاست ہونے کے تاثر کو مزید ہوا دی جائے گی۔ حافظ غلام فرید
ملک میں جنگل کا قانون ہے، حکومت امن و امان کے قیام میں ناکام ہوگئی ہے۔ چودھری افضل گجر
پاکستان عوامی تحریک کے تحت ایکسپریس نیوز کے صحافیوں کے بیہمانہ قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب

پاکستان عوامی تحریک لاہور کے تحت پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر ایکسپریس نیوز کے صحافیوں کے بیہمانہ قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض نے کہا کہ ایکسپریس نیوز کے صحافی کارکنوں کا سفاکانہ قتل آزادی صحافت پر براہ راست حملہ ہے۔ ایسے بزدلانہ اقدامات سے آزادی اظہار رائے پر قدغن نہیں لگائی جا سکتی۔ صحافی کارکنوں کے قتل سے یہ بات ایک بار پھر واضح ہوگئی کہ مرکز اور صوبوں میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔

قاضی فیض نے کہا کہ ملک میں جنگل کا قانون ہے، عوام کو ظالموں کے رحم و کرم پر چھوڑنے والے مقتدر طبقے کو کرپٹ اور استحصالی نظام سمیت اقتدار کے ایوانوں سے باہر پھینکنا ہوگا۔ موجودہ نظام جمہوریت صحافت اور ہر مثبت رویے کا دشمن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدم برداشت کے رویوں کے خلاف برسر پیکار صحافیوں کا قتل پوری صحافی برادری کو واضح پیغام ہے۔ مگر جرات مند صحافی نہ کبھی پہلے جھکے ہیں نہ اب جھکیں گے پوری قوم انکے ساتھ کھڑی ہے۔

احتجاجی مظاہرے کی قیادت پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر نے کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن لاہور کے ناظم حافظ غلام فرید نے کہا کہ صحافیوں کے سفاکانہ قتل پر ہر پاکستانی دکھی ہے اور ہم اس پر تشدد کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سفاکانہ قتل کے ذمہ داران کو چوبیس گھنٹوں کے اندر گرفتار کر کے قانونی تقاضوں کو پورا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے قتل کے اس اندوہناک واقعہ کے بعد پاکستان کے غیر محفوظ ریاست ہونے کے تاثر کو مزید تقویت ملے گی۔

چودھری افضل گجر نے ایکسپریس نیوز کی گاڑی پر فائرنگ کی شدید ترین مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صحافی کارکنوں کا قتل بربریت ہے۔ فائرنگ کا واقعہ آزادی صحافت پر کھلا حملہ ہے، جسے برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت امن و امان کے قیام میں ناکام ہو گئی ہے۔ حکومتی رٹ کی دھجیاں بکھر چکی ہیں۔

اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان نے شہدا کے ورثاء سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے انکے بلند درجات کیلئے دعا بھی کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top