حکمران کرپشن، نااہلیت، اور آمرانہ رویوں کی وجہ سے قوم کو بھیانک مستقبل کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ خرم نواز گنڈ اپور

لٹیروں سے ملک کا قبضہ چھین کر اقتدار پر امن طریقے سے عوام کو منتقل کریں گے
تبدیلی چاہنے والوں کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ لٹیروں کے نظام کا حصہ رہنا ہے یا عوام کے ساتھ کھڑے ہونا ہے

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران کرپشن، نااہلیت، اور آمرانہ رویوں کی وجہ سے اس قوم کو تباہی، انارکی اور بھیانک مستقبل کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ مارشل لاء نام نہاد سیاسی لیڈروں کی ناکامی، نااہلیت اور حد سے بڑھ جانے والی کرپشن کی وجہ سے آتے رہے۔ فوجی لیڈروں کو بیٹھے بٹھائے از خود ملک کے سول افیئرز پر قبضہ کرنے کا کوئی شوق نہیں ہو تا۔ کبھی بھی ملٹری رول نافذ کرنے سے فوج کی عزت افزائی نہیں ہوئی، بلکہ وہ متنازعہ بنتے ہیں۔ سیاسی حکمران جب انتہا کر دیں اور فوج دیکھے کہ ملک کوڑیوں کے بھاؤ لٹ رہا ہے، مہنگائی، بیروزگاری، بد امنی، قتل و غارت گری بم دھماکوں کا تسلسل اور لوگوں کے بنیادی حقوق کی عدم دستیابی عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکامی، اقرباء پروری جب یہ مسائل انتہا پر چلے جائیں اور ملک کا وجود خطرے میں پڑ جائے تو پھر ان سیاست دانوں کی نا اہلیت خود فوج کو دعوت دیتی ہے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر شیخ زاہد فیاض، ساجد بھٹی، جواد حامد، چودھری افضل گجر اور جی ایم ملک بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ روزانہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں اور معصوم شہریوں پر بم دھماکے اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات ہو رہے ہیں، حکومت مذاکرات کا ڈھونگ رچا رہی ہے۔ جب حکمران غیر سنجیدہ ہوں امن انکی ترجیحات میں شامل ہی نہ ہو، مہنگائی، بیروزگاری بد امنی اور امن و امان پر قابو پانا حکمرانوں کے خواب و خیال ہی میں نہ ہو، کسی دہشت گرد پر کوئی گرفت نہ ہو ایسے مذاکرات سوائے فراڈ کے کچھ نہیں۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ملک میں قانون کی کوئی پاسداری نہیں۔ پاکستان عوامی تحریک ملک کو مارشل لاء سے بھی بچائے گی اور عوامی ریلے اور انقلاب کے ذریعے ان حکمرانوں کی لوٹ مار بھی ختم کرے گی۔ لٹیروں سے ملک کا قبضہ چھین کر اقتدار پر امن طریقے سے عوام کو منتقل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں دو گروہ ہیں۔ 18 کروڑ عوام محروموں اور مظلوموں کی پارٹی ہے اور چند سو گھرانے جوانتخابات کے جھرلو کے ذریعے منتخب ہونے کا فن جانتے ہیں۔ ان سیاست دانوں کا فن صرف لوٹ مار ہے۔ حرام کے کروڑوں، اربوں روپے چار پانچ سالہ اقتدار میں کماتے ہیں۔ اس کمائی کا ایک حصہ اگلے الیکشن پر لگاتے ہیں۔ برادریاں اور غنڈے خریدتے ہیں۔ دہشت گردی کرتے ہیں۔ دھن، دھونس، دھاندلی کے ذریعے یہ ہمیشہ جیت کر آ تے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ تبدیلی چاہتے ہیں انہیں فیصلہ کرنا ہو گا یا لٹیروں کے نظام کا حصہ رہیں یا اسے ٹھوکر مار کر عوام کے ساتھ کھڑے ہوجائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top